ایف بی آر میں سینئر عہدیداروں کی جولائی میں ٹرانسفرو پوسٹنگ کی روایت ختم کر دی گئی

July 19, 2019

اسلام آباد (حنیف خالد)چیئرمین ایف بی آر سید شبر حسین زیدی نے سرکلر نمبر ایک (ون ایس اے۔ سی ایچ/2019ء پی ٹی) جمعرات 18جولائی کو اپنے سپیشل اسسٹنٹ زبیر بلال کے دستخطوں سے جاری کرایا ہے جس کی نقول ایف بی آر کے تمام ممبروں‘ ڈائریکٹر جنرلوں‘ ویب ماسٹر ایف بی آر‘ ویب ماسٹر پرال کو جمعرات کی رات بھجوائی گئی ہیں۔ سرکلر نمبر ون ایک آفس آرڈر پر مشتمل ہے جس میں یہ بات کہی گئی ہے کہ ایف بی آر نے عشروں سے یہ روایت چلی آ رہی ہے کہ ہر مالی سال کے آغاز پر جولائی کے مہینے میں سینئر لیول پر اعلیٰ عہدیداروں کی ٹرانسفرو پوسٹنگ کے وسیع احکامات جاری کئے جاتے ہیں لیکن یہ روایت ختم کر دی گئی ہے۔ اجتماعی ٹرانسفرو پوسٹنگ کے آرڈرز اسی لئے 18جولائی تک جاری نہیں کئے گئے۔ آرگنائزیشن میں اصلاحات اور ریونیو کے مفاد میں جب بھی ضروری سمجھا گیا اس وقت ضروری افسران کے تقررو تبادلے ہوا کرینگے۔ ایف بی آر کے تمام افسروں اور انکے سٹاف کے تبادلوں و تعیناتیوں کا وسوسہ دل سے نکال دینا چاہئے اور انہیں آج ہی سے زیادہ سے زیادہ ریونیو جمع کرنے‘ ٹیکس گزاروں کو سہولیات فراہم کرنے‘ ٹیکس بنیاد کو وسعت دینے‘ اقتصادی سرگرمیوں سے آگاہی حاصل کرنے اور اپنے دائرہ اختیار میں بزنس یونٹوں کے معاملات کی درست انفارمیشن پر لگانی چاہئے۔