سی پیک کے 24 ارب دوسرے منصوبوں پر خرچ کرنے کی تفصیلات طلب

July 20, 2019

اسلام آباد(نمائندہ جنگ)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات نے سی پیک کے 24ارب روپے دوسرے منصوبوں میں خرچ کرنے کی تفصیلات وزارت منصوبہ بندی سے طلب کر لیں ، نئی گج ڈیم منصوبے میں تاخیر اور اس کی لاگت بڑھنے پرچیف سیکرٹری سندھ اور سیکرٹری آبپاشی سندھ کو آئندہ اجلاس میں طلب کر لیا گیا ،کمیٹی کے اجلاس میں حکام نے بتایا گوادر سے رتو ڈیروایم8 شاہراہ کی تعمیر میں تاخیر سے لاگت 23 ارب سے بڑھ کر 38ارب روپے تک پہنچ گئی ہے ، متبادل توانائی کے 7730میگاواٹ کے145منصوبے مستقبل میں مکمل کیے جائیں گے ان میں 531میگاواٹ کے 19منصوبے ، 1199میگاواٹ کے 22منصوبے اور 6000میگاواٹ کے 104منصوبے شامل ہیں ، ونڈ پاور کے 24منصوبے 2006کی پالیسی کے تحت مکمل کیے جائیں گے، ونڈ پاور کے یہ منصوبے سندھ میں ٹھٹھہ میں قائم کیے جائیں گے ،سی پیک کے تحت 298 میگاواٹ کے 5 ونڈ پاور منصوبے مکمل ہو چکے ہیں،قائمہ کمیٹی کا اجلاس سینٹر آغا شاہزیب درانی کی زیر صدارت ہوا ، قائمہ کمیٹی نےبلوچستان میں پوٹینشل ہونے کے باوجود متبادل توانائی کے منصوبے شروع نہ کرنے پر برہمی کااظہار کیا اور آئندہ اجلاس میں تمام صوبوں میں جاری متبادل توانائی کے منصوبوں کی تفصیلات طلب کر لی ہیں، کمیٹی نے وزیر منصوبہ بندی خسرو بختیار کے اجلاس میں عدم شرکت پر برہمی کا اظہار بھی کیااور ہدایت کی کس صوبے میں کتنے متبادل توانائی منصوبے ہیں تفصیلی رپورٹ جمع کرائیں ۔