شوہر نے تشدد کیا، اہلیہ کاالزام، جھوٹ بولنے کی عادی ہیں، اداکار محسن عباس

July 22, 2019

لاہور(جنگ نیوز) اداکار، گلوکار اور ڈی جے محسن عباس حیدر کی اہلیہ فاطمہ سہیل نے اپنے شوہر پر انہیں تشدد کا نشانہ بنانے کا الزام لگایا ہے اور تھانے میں درخواست دیدی ہے ۔ فاطمہ نے زخموں والی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کر دیںجوتیزی سے وائرل ہوگئیں ، انہوں نے کہا کہ محسن عباس ایک اداکارہ کے عشق میں گرفتار ہے ، میں جب حاملہ تھی تب بھی مارا پیٹا جبکہ محسن عباس نے اہلیہ کے الزامات کے جواب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ شادی کے چند روز بعد ہی ان کے جھوٹ سامنے آنے لگے تھے ، وہ جھوٹ بولنے کی عادی ہے اور ایسے جھوٹ بھی سامنے آئے وہ مجھے کہیں کا بتا کر کہیں اور چلی جاتی تھیں، ہماری 6ماہ سے علیحدگی ہے، زخموں کی تصاویر پرانی ہیں جب وہ سیڑھیوں سے گری تھی، میری دوسری شادی کی بات پر بھڑک اُٹھی۔ تفصیلات کے مطابق محسن عباس حیدرکی اہلیہ فاطمہ نے تھانہ ڈیفنس میں دائردرخواست میں الزام لگایا کہ محسن ایک اداکارہ کے عشق میں گرفتار ہے اوراس پر تشدد کرتا ہے،جب وہ حاملہ تھی تب بھی محسن نے اس کو تشدد کا نشانہ بنایا، بالوں سے پکڑ کر گھسیٹا، لاتیں ماریں اور چہرے پر مُکے بھی مارے ۔فاطمہ کا کہنا کہ 17جولائی 2019 کومیں محسن عباس کے گھر گئی اور اُس سے اپنے بیٹے کی ذمہ داریاں پوری کرنے کو کہا جس پر محسن نے دوبارہ مجھے مارنا پیٹنا شروع کردیا اور کہا کہ وہ اپنے بیٹے کی کوئی ذمہ داری پوری نہیں کریگا۔ فاطمہ نے شوہر پر تشدد اور بےوفائی کا الزام عائد کرتے ہوئے زخموں والی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کر دیںجوتیزی سے وائرل ہوگئی ہیں۔