ڈاکٹر عمران فاروق کے والد انتقال کر گئے

July 26, 2019

ایم کیو ایم کے سابق مقتول رہنما ڈاکٹر عمران فاروق کے والد فاروق احمد کراچی کے نجی اسپتال میں انتقال کر گئے۔

ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے ڈاکٹر عمران فاروق کے والد کے انتقال کی خبر کی تصدیق کی ہے۔

ڈاکٹر عمران فاروق کے خاندانی ذرائع کے مطابق محمد فاروق دل اور گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے اور گزشتہ کچھ دنوں سے اسٹیڈیم روڈ پر واقع نجی اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔

خاندانی ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ محمد فاروق کا انتقال آج صبح فجر کے وقت ہوا، جس کے بعد ان کی میت اسپتال سے ایدھی سرد خانے منتقل کر دی گئی۔

فاروق احمد کی نمازِ جنازہ شریف آباد میں مسجد صفاء میں آج بعد نمازِ جمعہ ادا کی جائے گی۔

کنوینر ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی و رابطہ کمیٹی، چیئرمین پی ایس پی مصطفیٰ کمال اور دیگر شخصیات نے فاروق احمد کے انتقال پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

واضح رہے کہ ایم کیو ایم کے سابق مقتول مرکزی رہنما ڈاکٹر عمران فاروق کی بیوہ شمائلہ نذر اور ان کے 2 بیٹے عالی شان اور وجدان لندن میں انتہائی کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں۔

شمائلہ بے گھری کے خطرے سے بھی دو چار ہیں، کیونکہ ان کے لندن میں واقع فلیٹ کے مالک نے انہیں فلیٹ خالی کرنے کے لیے نوٹس دے رکھے ہیں۔

شمائلہ فاروق نہ صرف شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں بلکہ وہ کئی ماہ سے مکان تلاش کر رہی ہیں اور کوئی انہیں مکان کرائے پر دینے کو تیار نہیں ہے۔

نومبر 2016ء میں جبڑا ٹوٹ جانے کے بعد اسپتال میں داخل رہنے کے بعد سے وہ مکمل طورپر صحت یاب نہیں ہو سکی ہیں اور اب سہارے کے بغیر چل بھی نہیں سکتیں۔

9 سال قبل شوہر کے قتل کے بعد ابھی تک کسی نے ان کی اور ان کے بیٹوں کی خیر خبر نہیں لی، اس وقت وہ ایک چھوٹے سے بوسیدہ فلیٹ میں مقیم ہیں، جس کا ایک دروازہ ایک سڑک پر کھلتا ہے، جہاں اکثر منشیات فروش اور رات کو بے گھر افراد گھومتے رہتے ہیں۔

لوکل گورنمنٹ کی طرف سے شمائلہ کو ایک ہزار پونڈ دیئے جاتے ہیں، جن سے وہ فلیٹ کا کرایہ، خوراک اور یوٹیلٹی بلز ادا کرتی ہیں، ان کا کوئی دوسرا ذریعہ آمدنی نہیں ہے اور انہوں نے کہیں ملازمت بھی نہیں کی ہے جس کی وجہ یہ ہے کہ ان کے بچوں کو لانے لے جانے والا اور ان کی دیکھ بھال کرنے والا ان کے سوا اور کوئی نہیں ہے۔

شمائلہ فاروق صحت کے مسائل کی وجہ سے تقریباً مفلوج ہو گئی ہیں اور اب ڈاکٹر ان کا معائنہ کرے گا تاکہ وہ رعایتی شرح پر دوائیں حاصل کر سکیں۔