علیم ڈار سب سے زیادہ میچز میں امپائرنگ کے ریکارڈ کے قریب تر

July 28, 2019

مشہور امپائر علیم ڈار سب سے زیادہ ٹیسٹ اور ون ڈے انٹر نیشنل میچوں کے عالمی ریکارڈ کے قریب آرہے ہیں امکان ہے کہ وہ اگلے چند ماہ میں ریکارڈ ساز امپائر بن جائیں گے۔

پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ امپائر علیم ڈار انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان ایشیز سیریز کے 2 ٹیسٹ میچوں میں امپائرنگ کریں گے۔ سیریز کا دوسرا ٹیسٹ ان کے کیئریئر کا 128واں ٹیسٹ ہوگا اس طرح وہ ویسٹ انڈیز کے مشہور امپائر اسٹیو بکنر کا عالمی ریکارڈ برابر کردیں گے۔

بکنر نے1989سے2009تک امپائرنگ کی تھی، امپائرنگ کے اسی بلند معیار کی وجہ سے وہ 3 بار آئی سی سی کے بہترین امپائر کا ایوارڈ بھی جیت چکے ہیں۔

علیم ڈار کو جنوبی افریقا کے روڈی کوٹزن کے سب سے زیادہ 209ون ڈے انٹر نیشنل کا عالمی ریکارڈ برابر کرنے کے لئے مزید4 ون ڈے میچوں کی ضرورت ہے۔

51سالہ علیم ڈار نے 3 دن پہلے لارڈز میں انگلینڈ اور آئر لینڈ کے ٹیسٹ میچ میں امپائرنگ کی تھی۔

انہیں126ٹیسٹ206ون ڈے انٹر نیشنل اور 43ٹی ٹوینٹی انٹر نیشنل میں امپائرنگ کا اعزاز حاصل ہے۔

آئی سی سی کے ایلیٹ پینل میں شامل پاکستانی امپائر علیم ڈار کو ورلڈ کپ کے سیمی فائنلز کے بعدلارڈز کے متازع فائنل میں بھی امپائرنگ نہیں دی گئی تھی۔

علیم ڈار نے 2007اور 2011 کے عالمی کپ کے فائنل میچز میں امپائرنگ کی تھی،2007کے فائنل میں کم روشنی کے باوجود کھیل جاری رکھنے کے تنازع کے سبب انہیں اور ان کے دیگر ساتھی امپائرز کو سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا اور یہ اسی کا نتیجہ تھا کہ اس کے بعد ہونے والے پہلے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں انہیں امپائرز پینل میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔

اسی طرح 2015 کے عالمی کپ کے 2 میچوں میں ان کے 2 فیصلے تنقید کی زد میں آئے تھے جس کے بعد وہ سیمی فائنل اور فائنل میں امپائرنگ نہیں کرسکے تھے تاہم مجموعی طور پر علیم ڈار کا امپائرنگ کریئر بہت شاندار رہا ہے جس میں ان کے درست فیصلے مثال کے طور پر پیش کیےجاتے رہے ہیں۔