ڈپارٹمنٹس ختم،6صوبائی ٹیمیں ڈومیسٹک کرکٹ کھیلیں گی،پی سی بی کا نیا آئین منظور

August 10, 2019

اسلام آباد (جنگ نیوز) وفاقی کابینہ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے آئین کی منظوری دیدی۔ جیو نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں کئی اہم فیصلے کیے گئے۔ رواں سال جون میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے نئے آئین کا مسودہ منظوری کے لیے وزارت بین الصوبائی رابطہ کو بھیجا تھا، جس نے منظوری کے بعد اسے وفاقی کابینہ میں حتمی منظوری کے لیے پیش کیا گیا۔ ڈومیسٹک کرکٹ کا نیا ڈھانچہ منظوری کے بعد وزارت بین الصوبائی رابطہ بھیج دیا گیا، ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے آئین کی منظوری دے دی ہے جس کے بعد اب ڈپارٹمنٹل سسٹم ختم کردیا گیا ہے۔ اب صوبائی ٹیمیں ڈومیسٹک کرکٹ کا حصہ ہوں گی۔ یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے ڈپارٹمنٹل سسٹم کی مخالفت کی تھی اور آسٹریلوی طرز کا ڈومیسٹک کرکٹ کا سسٹم لانے کا اعلان کیا تھا۔ نئے آئین کے تحت پنجاب، جنوبی پنجاب، سندھ، کے پی کے، بلوچستان اور فیڈرل کیپٹل ایریاز کے نام سے 6 ٹیمیں فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ کھیلیں گی اور ہر ریجن کی ایک ایک ٹیم گریڈ 2 ٹورنامنٹ میں کھیلے گی جس کے میچ 3 روزہ ہوں گے ۔نئے نظام میں وہی کھلاڑی فرسٹ کلاس کھیل سکیں گے جو اعلیٰ کوالٹی کے ہوں گے، اگلے سیزن میں پاکستان کی انٹرنیشنل کرکٹ خاص طور پر ون ڈے کرکٹ پر کم ہے، اس لیے بورڈ کی توجہ فرسٹ کلاس کرکٹ کے نئے نظام پر ہوگی۔ ماہرین کرکٹ اور سابق کرکٹرز نے اس نئے نظام پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا اور ان کا ماننا ہے کہ اس نئے نظام کے سبب ڈپارٹمنٹس سے وابستہ سینکٹروں کھلاڑی بے روزگار ہو جائیں گے۔حکومت نے ڈپارٹمنٹس کو ہدایت کی ہے کہ وہ ان صوبائی ٹیموں کو اسپانسر کریں ۔کھلاڑیوں کو صوبائی سطح پر سینٹرل کنٹریکٹ فراہم کیا جائے گا ۔ہر صوبائی ٹیم کے 32 کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ دیا جائے گا جس کی بدولت مجموعی طور پر 200 کھلاڑی اس سے استفادہ کر سکیں گے۔