انتظار ختم!”جیوفلمز“ کی ”ہیر مان جا“عید پر نمائش کیلئے پیش ہوگی

August 11, 2019

Your browser doesnt support HTML5 video.


کراچی (محمد ناصر) فلم بینوں کا انتظار ختم۔۔۔ ”جیوفلمز“ اور ”آئی آر کے فلمز “ کے اشتراک سے عید کے پُر مسرت موقع پر سب سے بڑی فلم ”ہیر مان جا“ ملک بھر میں نمائش کیلئے پیش کی جائے گی۔ دوسری طرف فلم کی کاسٹ نے گذشتہ روز راولپنڈی کے شاپنگ مال میں انٹری دی تو لوگ اسٹارز کو اپنے درمیان دیکھ کر خوشی میں اپنی شاپنگ کرنا ہی بھول گئے۔ نوجوانوں اور فیملیز کی بڑی تعداد نے اپنے پسندیدہ اداکاروں کے ساتھ خوب سیلفیاں بھی بنائیں۔

یاد رہے موج مستیوں سے بھر پور فلم اِسی ماہ 22اگست کو یواے ای سمیت امریکا اور کینیڈا جبکہ 23 اگست کو یوکے کے سنیما گھروں کی بھی زینت بنے گی۔ فلم کی شاندار کہانی، جاندار ایکشن، بہترین کامیڈی ، دِل چھو لینے والے مناظر ، متاثر کن ڈائریکشن اور سریلے گیت عید کے لطف کو مزید نکھار دیں گے۔ نئی جدت اور انتہائی مہارت سے تخلیق کی گئی فلم کے ٹیزر، ٹریلر اور گانوں نے پہلے ہی عوام میں مقبولیت حاصل کرلی ہے۔فلم کے صرف ٹریلر کیلئے اس وقت سوشل میڈیا پر19 لاکھ کے قریب ہٹس آگئے ہیں جبکہ فلم کی کہانی پر بھی خوب چرچے کئے جارہے ہیں۔ عوام کی بڑی تعداد نے اس فلم کو بڑے پردے دیکھنے کیلئے ایڈوانس بکنگ کرالی ہے ۔ محبت، جذبات، احساس، مستی ، رومانس اور ہنسی مذاق کے مختلف ذائقوں سے سجی اس کہانی کے مرکزی کردار علی رحمان خان اور حریم فاروق ہیں جنہیں عوام نے چھوٹی اور بڑی دونوں اسکرینوں پر پسندیدگی کی سند دے رکھی ہے۔ معروف اداکار عابد علی ، علی کاظمی ، احمد علی اکبر ، آمنہ شیخ، فیضان شیخ ، شمائل خٹک ، شاذ علی خان، موجس حسن ، میکال ذوالفقار اور چائلڈ اسٹار سمیع خان بھی اس فلم میں اپنی صلاحیتوں کے رنگ دکھائیں گے۔ فلمی پنڈتوں کا کہنا ہے کہ ”طیفا اِن ٹربل، ڈونکی کنگ اور لوڈ ویڈنگ “ جیسے شاہکار اور ریکارڈ ساز فلمیں دینے کے بعد ”جیوفلمز“ کی یہ نئی پیشکش بھی بلاک بسٹر ثابت ہوگی اور انڈسٹری میں نئی کامیابیاں اپنے نام کرے گی۔ ”ہیر مان جا“ کو عمران رضا کاظمی ، حریم فاروق اور عارف لاکھانی نے پروڈیوس کیا ہے۔ فلم کے ہدایتکار اظفر جعفری ہیں اور یہ فلم ڈسٹری بیوشن کلب کے تعاون سے ملک بھر میں نمائش کیلئے پیش کی جائے گی۔