پشاور شہر سے قربانی کے جانوروں کی آلائشیں تلف کرنے کا عمل جاری

August 14, 2019

پشاور (لیڈی رپورٹر) پشاور شہر سے قربانی کے جانوروں کی آلائشیں تلف کرنے کا عمل کامیابی سے جاری ہے۔ واٹر اینڈ سینی ٹیشن کمپنی کے 2538اہلکار عید آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔ خصوصی عید آپریشن تین دن جاری رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار تحریک انصاف کے رہنما اور نائب ناظم عمران خان سالارزئی نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ سب کچھ بلدیاتی نمائندوں اور عوام کے تعاون سے ممکن ہوا ہم کوشش کرینگے کہ یہ تعاون عام دنوں میں اسی طرح جاری رہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف ایگزیکٹیو سید ظفر علی شاہ صفائی آپریشن کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔ آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کیلئے489 چھوٹی بڑی گاڑیاں استعمال کی جارہی ہیں جن میں 20 رکشے‘ 147 سوزوکیاں‘ 10 چھوٹے 20 بڑے ٹریکٹرز‘ 5 شاول‘ 3 ٹرک‘ 25 آرمرو شامل ہیں۔ آپریشن شہر کو آلائشوں سے مکمل پاک کرنے کے بعد پورا ہوگا۔ جس میں پشاور کی 92 میں سے43 یونین کونسلز میں ڈبلیو ایس ایس پی خدمات فراہم کر رہی ہے۔ عملہ صفائی کے ساتھ ساتھ عملہ فراہمی آب بھی ڈیوٹی پر معمور ہے۔ شہریوں میں آگاہی کیلئے جگہ جگہ بینرز آویزاں کئے گئے ہیں۔ عوامی آگاہی کیلئے 10 ہزار سے زائد پمفلٹ گھر گھر تقسیم کئے گئے ہیں۔