انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلئے ایم سی سی سے رابطے میں رہیں گے، وسیم خان، کلب ٹیم کے دورے کی امید

August 15, 2019

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایم ڈی وسیم خان نے امید ظاہر کی ہے کہ ایم سی سی کی ٹیم مستقبل قریب میں پاکستان کا دورہ کرے گی۔سیکورٹی کے چند امور طے پانے کے بعد ایم سی سی کرکٹ ٹیم پاکستان کا دورہ ممکن ہوسکے گا۔ ایم سی سی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان سے قبل تمام سیکورٹی معاملات پر وضاحت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور ایم سی سی پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی مکمل بحالی کیلئے مسلسل رابطے میں رہیں گے۔ بدھ کو ایک بیان میں وسیم خان نے کہا کہ ایم سی سی کرکٹ کمیٹی کے اجلاس میں شرکت مثبت رہی۔ مائیک گیٹنگ کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں شین وارن اور کمار سنگاکارا نے بھی شرکت کی تھی۔ ایم سی سی کرکٹ ٹیم جلد پاکستان کا دورہ کرے گی۔ وسیم خان نے کہا کہ ایم سی سی کرکٹ کمیٹی کو پاکستان میں سیکورٹی صورتحال پر بریفنگ دی۔ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ نہ ہونے کے باعث پیدا ہونے والے اثرات کے بارے میں شرکاء کو آگاہ کیا میں نےبریفنگ کے دوران پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کی اہمیت پر زور دیا۔ ایم سی سی کرکٹ کمیٹی کا 2 روزہ اجلاس 11 اور 12 اگست کو لندن میں ہواتھا۔ اجلاس میں پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی مکمل بحالی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایم ڈی پی سی بی وسیم خان کی قوم کو جشن آزادی کی مبارکباد دی۔ وسیم خان نے بدھ کی صبح پی سی بی اسٹاف کے ساتھ قذافی اسٹیڈیم میں پرچم کشائی کی تقریب میں شرکت کی۔ وسیم خان نے کہا کہ سری لنکا کرکٹ کے ایک سیکیورٹی وفد نے پاکستان میں سیکیورٹی حالات کا جائزہ لیا امید ہے کہ اکتوبر میں سری لنکا کی ٹیم پاکستان کا دورہ کرتے ہوئے ٹیسٹ سیریز کھیلے گی۔ستمبر اور اکتوبر میں انگلینڈ اور آسٹریلیا کے حکام بھی پاکستان آرہے ہیں۔انہیں بھی پاکستان کے سیکورٹی حالات پر بریف کیا جائے گا۔خیال رہے کہ ایم سی سی کرکٹ کمیٹی نے دس سال پہلے سری لنکن ٹیم پر لاہور میں ہونے حملے سے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے بند ہونے کے بعد کی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔کرکٹ کمیٹی کے چیئرمین مائیک گیٹنگ کا کہنا تھا کہ کمیٹی پاکستان میں کرکٹ کی بحالی کے لیے اپنے طور پر جائزہ ٹیموں کو روانہ کرنے کی متمنی ہے، تاکہ پاکستان جا کر صورت حال کا جائزہ لیا جا سکے۔ اس حوالے سے حتمی جانچ پڑتال کا عمل جاری ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ پی سی بی کے ایم ڈی وسیم خان تفصیلات سے آگاہ کر چکے ہیں۔ مجھے یہ بات سمجھ نہیں آئی کہ ایم سی سی نے ابھی تک وہاں کا کوئی دورہ کیوں نہیں رکھا اور اب تک وہاں میچز کے انعقاد کا جائزہ کیوں نہیں لیا۔