پاکستان فٹبال تنازع پر فیفا، اے ایف سی رپورٹ جاری نہ ہوسکی

August 15, 2019

کراچی (اسٹاف رپورٹر) فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا نے پاکستانی فٹ بال کے مسئلے کو حل کرنے کیلئے دونوں گروپس کے دو دو ارکان کو شامل کرکے نارملائزیشن کمیٹی بنانے کا اعلان کیا تھا لیکن ابھی تک فیفا اور اے ایف سی کی دونوں گروپ سے ملنے کی کوئی تفصیلی رپورٹ جاری نہ ہوسکی جس کے باعث نارملائزیشن کمیٹی کی تشکیل تحفظات کی نظر ہونے کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔ فیفا اور اے ایف سی کی جانب سے پاکستان فٹبال فیڈریشن کے تنازع کے حل کیلئے گزشتہ جون 2019 میں فیفا اور اے ایف سی کی فیکٹسفائنڈنگ کمیٹی نے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ فیصل صالح حیات نے تو اپنی کابینہ کے ساتھ ان سے میٹنگ کی جبکہ ابتدائی طورپر انکار کے بعدوفد کے سربراہ کی خصوصی درخواست پر سید اشفاق شاہ نے اظہار یکجہتی کیلئے ان سے ملاقات کی۔ کمیٹی نے دونوں گروپ کی شکایات اور تجاویز پر اپنی سفارشات مرتب کرکے فیفا کی ممبرز ایسوسی ایشن کے پاس جمع کرا دیں ۔ بعدازاں فیفا نے فیصل صالح حیات کو 30 مارچ 2020 تک کی دی گئی توسیع معطل کرتے ہوئے نارملائزیشن کمیٹی کے ذریعہ غیرجانبدرانہ اور شفاف الیکشن کے ذریعہ ایک غیر متنازع باڈی کو منتخب کرنے کا فیصلہ کیا ۔ نارملائزیشن کمیٹی دونوں گروپ کے 2،2 اراکین پر مشتمل ہوگی جس کے ہیڈ کا فیصلہ فیفاکرے گی۔ اسی فارمولے کے تحت فیفا وفدکی آمد رواں ماہ متوقع ہے۔