سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس اس ماہ کے اختتام سے پہلے ممکن نہیں

August 15, 2019

اسلام آباد (صالح ظافر) مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بات چیت کیلئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل (یو این ایس سی) کا ہنگامی اجلاس اس ماہ کے اختتام سے پہلے ممکن نہیں ہوگا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی جانب سے لکھے گئے خط کو ملیحہ لوھی نے پولش سفیر جوانا رونیکا کو پیش کیا جو 15 رکنی کونسل کی ماہ اگست کیلئے صدر ہیں۔ سفارتی ذرائع نے دی نیوز کو بتایا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں بھارت کے خلاف قرار داد کی منظوری سخت مشکل کام ہے چونکہ پانچ مستقل (پی 5)اور دس غیر مستقل ارکان کی اکثریت بمشکل ہی بھارت کی مذمت میں قرار داد کو راستہ دینے کی حمایت کریں گے۔ پاکستان سلامتی کونسل کے غور کیلئے قرار داد پیش کرنے کیلئے آسانی سے اسپانسرشپ حاصل کرسکتا ہے چونکہ چین جسے بھارت کے اقدام سے براہ راست ضرب لگی ہے، قرار داد کونسل کے صدر کے حوالے کرنے کیلئے مخلص ہے۔ ذرائع نے یاد دہانی کرائی کہ پاکستان کو قرار داد کے راستے کیلئے آٹھ ووٹ درکار ہوں گے بشرطیکہ پی 5 رکن ممالک میں سے کوئی اسے ویٹو نہ کرے۔ ذرائع نے مزید یاد دہانی کرائی کہ اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹرز میں ملیحہ لودھی کے اثر و رسوخ سے پاکستان کو سلامتی کونسل کا اجلاس جلد بلوانے میں مدد مل سکتی ہے لیکن دفتر خارجہ کو ان دارالحکومتوں کو سپورٹ فراہم کرنے کیلئے محنت کرنا ہوگی ۔