یوم آزادی پاکستان پر مقبوضہ کشمیر کے عوام سے بھرپور اظہار یکجہتی کرتے ہیں، احمراسماعیل، عامر آفتاب، افضال الرحمٰن

August 15, 2019

برمنگھم، مانچسٹر، بریڈ فورڈ(آصف محمود براہٹلوی، صائمہ ہارون، علامہ عظیم جی، غلام مصطفیٰ مغل، رجاسب مغل) آزاد ی کشمیر ہی دراصل تکمیل پاکستان ہے۔

Your browser doesnt support HTML5 video.


آج تجدید عہد ہے ہم جشن آزادی کے اس تاریخ ساز موقع پرعہد کرتے ہیں کہ پوری قوم باہمی اتحاد و یکجہتی سے مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتی ہے اور عہد کرتے ہیں کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔ عالمی برادری سے مطالبہ ہے کہ اقوام متحدہ کے پلیٹ فورم پر طویل حل طلب مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے بھارت پرسفارتی دبائو بڑھایا جائے تاکہ وہاں رائے شماری کے ذریعے کشمیری اپنے مستقبل کا فیصلہ کرسکیں۔ مسئلہ کشمیر چونکہ UNO میں زیر التوا ہے اس لئے بھارت اس کی آئینی حیثیت کو تبدیل کرنے کا کوئی حق نہیں رکھتا یہ یو این او کی قراردادوں سے مکمل انحراف ہے۔ ان خیالات کا اظہار قونصلرجنرل پاکستان احمر اسمٰعیل ممبرآف پارلیمنٹ خالد محمود مرزا، نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے صدر شکیل قرار، قائداعظم ٹرسٹ کے چیئرمین راجہ اشتیاق، وائس قونصلیٹ سردار خان خٹک، عابدزمان خٹک،رفعت مغل، آسیہ بیگم، رائل نیوی کے اہلکاروں سمیت خواتین حضرات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ سخت بارش کے باوجود سینکڑوں افراد نے پرچم کشائی میں حصہ لیا۔ قومی ترانے کی دھن پر تالیوں کی گونج میں احمر اسمٰعیل، سردار خان خٹک، شکیل قرار، مرزا خالد محمود، ملک فتح خان، چوہدری خادم کمیونٹی شخصیات نے پرچم کشائی کی تقریب میں حصہ لیا۔ دریں اثناءلارڈ میئر برمنگھم کونسلر محمدعظیم، میٹرو میئر ویسٹ میڈلینڈ اینڈی سٹریٹ نے برمنگھم سٹی کونسل ٹائون ہال میں پرچم کشائی کی۔ تقریب میں سٹی کونسل میں نمائندگی کرنے والے کونسلرز کمیونٹی رہنمائوں سمیت کثیر تعداد میں کمیونٹی شریک ہوئی اور برطانوی پرچم اور پاکستانی پرچم تالیوں اور قومی ترانوں کی گونج میں لہرائے جاتے ہیں۔ پاکستان قونصلیٹ برمنگھم میں خطاب کرتے ہوئے قونصلر جنرل احمر اسمٰعیل کا کہنا تھا کہ صدرپاکستان اور وزیراعظم عمران خان نے جشن آزادی کی تقریب میں کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر منانے کا اعلان کر رکھا ہے اور آج بھارتی یوم آزادی پر پہلی بار ریاست کی سطح پر پوری دنیا میں یوم سیاہ منایا جائے گا تاکہ بھارت کو عالمی سطح پر بے نقاب کیا جاسکے۔ مرزا خالد محمود ممبر آف پارلیمنٹ کا کہنا تھا کہ یو م آزادی کے دن آپ اپنے اپنے ممبران پارلیمنٹ سے رابطہ کریں تاکہ وہ برطانوی پارلیمنٹ میں حالیہ بھارتی غیر آئینی اقدامات کی نہ صر ف مذمت کریں بلکہ بھارت پر سفارتی دبائو بڑھائیں تاکہ مقبوضہ جموں و کشمیر کا فیصلہ ہوسکے۔ بھارتی اقدام کی مہذب معاشرے میں قطعاً قبول نہیں کیا جارہا ۔ طاقت کا استعمال غلط ہے اوربھارت کو یہ حق ہر گز حاصل نہیں کہ وہ طاقت کے زور پر ان کے بنیادی انسانی حقوق غصب کرکے غیر آئینی اقدام سے ریاست میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کیلئے آرٹکیل معطل کرے۔ شکیل قرار کا کہنا تھاکہ میڈیا کے ذریعے ہی بھارت کو عالمی برادری کے سامنے بے نقاب کیا جاسکتا ہے لیکن عالمی برادری اس ترقی یافتہ دور میں میڈیا سمیت مبصرین اور امدادی اداروں کی رسائی مقبوضہ جموں و کشمیر میں یقنی بنائیں تاکہ عالمی برادری اصل حقائق سے آگاہ ہوسکے۔ وائس قونصلر سردار خان خٹک نے کہا کہ تجدید عہد کرتے ہیں کہ کشمیر کی آزادی تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔ راجہ اشتیاق خان نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے اس کو کبھی بھی الگ نہیں کیا جاسکتا۔ بھارت کے اس اقدام کو مسترد کرتے ہیں اور بہت جلد بھارت کو اپنی غلطی کا احساس ہوگا۔ اسے پیچھے ہٹنا پڑے گا آخر میں ملکی سلامتی کیلئے اور آزادی کشمیر کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ علاوہ ازیںمانچسٹر مین یوم آزادی پاکستان جوش خروش کیساتھ منایا گیا، قونصل جنرل مانچسٹر میں نارتھ ویسٹ کے پاکستانیوں اور کشمیری مرد و خواتین نوجوان اور بچوں کی بڑی تعداد نے قونصل جنرل عامر آفتاب قریشی کی طرف سے قومی ترانے کے دوران پاکستانی سبز پرچم لہرایا، اس موقع پر پاکستان زندہ باد اور کشمیر بنے گا پاکستان، کے فلک شگاف نعرے لگائے، اس موقع پر محترمہ صابرہ کے بچوں کے گروپس نے قومی ترانے پڑھے، قونصل جنرل پاکستان مانچسٹرنے صدر پاکستان اور وزیراعظم پاکستان کے قوم کے نام پیغام پڑھ کر سنائے اور اوور سیز پاکستانیوں کیلئے حکومتی مفاد عامہ کے منصوبوں سے آگاہ کرتےہوئے پاکستان کی خوشحالی ترقی میں کردار ادا کرنے کی تلقین کی ،تقریب میں استاد محمد صفدر کے تیار کردہ پاکستانی پرچم کی بناوٹ کاکیک پاکستان پائندہ باد کے نعروں کی گونج میں کاٹا گیا ،تقریب میں شیڈو وزیر افضل خان ،چین کے قونصل جنرل ،لارڈ میئر مانچسٹر عابد چوہان کے علاوہ بڑی تعداد میں کونسلرز اور سابق ایم ای پی ساجد کریم سابق لارڈ میئر نعیم الحسن کے علاوہ مذہبی، سیاسی، سماجی رہنماؤںنے شرکت کی ،معروف گلو کاروں محمد سرور مانی ودیگر نے قومی ملی نغمے سنا کر پنڈال میں موجود شرکا کو محظوظ کیا، صاحبزادہ احمد وقار بیگ قادری نے پاکستان کے استحکام اور کشمیر کی آزادی کیلئے دعا کرائی ،پرچم کشائی کی یہ تقریب مقبوضہ کشمیر کے نہتے کشمیریوں پر بھارتی ظلم کی مذمت کی تقریب بن گئی۔ دریں اثناء لٹل پاکستان بریڈفورڈ میں پاکستان کا73واں یوم آزادی کا دن انتہائی عقیدت احترام اور یکجہتی کشمیرکے عزم کے ساتھ منایا گیا۔ بریڈفورڈ قونصلیٹ میں تقریب کا آغازقونصلر اتاشی افضال الرحمن نے کمیونٹی کے ہمراہ قومی ترانے کی دھن پر پرچم کشائی سے کیا۔حافظ عبدالقادر کی تلاوت اور نعت کے بعد قونصلر اتاشی افضال الرحمن نے صدر پاکستان اور وزیراعظم پاکستان کے پیغامات پڑھ کر سنائےجن میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ کشمیر کی آزادی دو قومی نظریے اور قائداعظم کے فرمان اتحاد ،ایمان ،تنظیم کے فرمان کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔ اس موقع پر یارکشائر ادبی فورم کی جانب سے کشمیر کے حوالے سے ایک مشاعرہ برپا کیا گیا جس میں نوجوانوں نے بھرپور شرکت کے بریڈفورڈ قونصلیٹ کی تقریب میں ڈپٹی لارڈ میئر شبیر حسین ،سابق لارڈ میئر عابد حسین ،سابق لارڈ میئر ظفر علی اعوان، راجہ نجابت حسین ،سردار عبدالرحمن خان ،کونسلر گوہر الماس خان، ملک رحمت اعوان ،حاجی محبوب حسین ،یعقوب مسیح، غزل انصاری، فلک ناز، افتخار احمد کے علاوہ بڑی تعداد میں پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی نے شرکت کی۔ اس موقع پر یوم آزادی کا کیک کا ٹا گیا استحکام پاکستان اور کشمیر کی آزادی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔