میتھ میٹیکل سائنس (Mathematical Science) میں کیریئر

August 18, 2019

صرف ہمارے ہاں ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں طلبا کی اکثریت ریاضی یعنی میتھس سے بھاگتی ہے اور کوشش کرتی ہے کہ وہ میتھس کے اور میتھس ان کے راستے میں نہ آئے۔ لیکن حقیقت یہی ہے کہ ہماری زندگی کا آغاز ہی ایک دو تین سے شروع ہوتا ہے یا زندگی شروع ہوتے ہی گنتی شروع ہو جاتی ہے جیسا کہ بچہ اب اتنے دن کا ہے، پھر اتنے مہینے کا اور اب اتنے سال کا ہوگیا وغیرہ وغیرہ !

آ پ کو بھلے ریاضی کتنی ہی ناپسند ہو لیکن آپ نے دسویں جماعت تک تو بہر حال اس سے نبرد آزما ہوناہی ہے۔ بعض لوگ پیشہ ورانہ زندگی میںیہ بھی سوچتے رہتے ہیںکہ انہوںنے زمانہ طالب علمی میںجو تھیورم یا فیثا غورث کے مسئلے سلجھائے تھے یا پھر اس میں بمشکل پاس ہوئے تھے، وہ زندگی بھر کام نہ آئے۔ ا س کا جواب یہی ہے کہ ریاضی کا علم ذہن کے دریچے کھولتاہے، منطق سکھاتا اور گتھیاںسلجھانے میں مدد کرتاہے۔ دراصل ابتدا ہی سے ہمارے اندر ریاضی کی زبان سےسمجھنے کی صلاحیت پید ا کرنے اور اس سے مربوط سوچ کو فروغ دینے کی کوشش کی جاتی ہے، جس میںسبھی کامیاب نہیںہوتے لیکن جو کامیاب ہوتے ہیں، وہ کمال کرتے ہیں۔ اگر آپ بھی ریاضی کی سائنس میںکچھ کرگزرنے کا خواب رکھتے ہیںتو امید ہے کہ یہ مضمون آپ کے کام آسکتا ہے۔

میتھ میٹیکل سائنس کیا ہے ؟

ویسے تو سائنس اور ریاضی کا چولی دامن کا ساتھ ہے لیکن چونکہ سائنس شاخ در شاخ پھیلتی جارہی ہے اور اس سے وابستہ مضامین کی تخصیص بھی سامنےآتی جارہی ہے تو میتھ میٹیکل سائنس کا بھی زمرہ ہمارے سامنے ہے۔ میتھ میٹیکل سائنس کی تعریف سے پہلے ہم میتھس کی تعریف معلوم کرلیتے ہیں۔

اعداد کو استعمال کرتے ہوئے اشکال یا مقداروں کے خواص اور ان کے درمیان تعلقات کی تحقیق اور مطالعے کا نام ریاضی ہے۔ اس میںاشکال، ساختوں اور ان کی تبدیلیوںسے متعلق بحث بھی کی جاتی ہے۔ جبکہ میتھ میٹیکل سائنس میںمیتھس ایک قابل اطلاق یعنی اپلائیڈ فیلڈ ہے۔ تحقیق میں یہ ماہر شماریات (Statistician) بننے اور مشینوں کو سیکھنےکے حوالے سے استعمال ہوتی ہے۔

بنیادی طور پر پیشہ ورانہ لحاظ سے اسکول، کالج یا یونیورسٹی کی سطح پر ریاضی کی تعلیم دی جاتی ہے۔ تدریس اور تحقیق کے علاوہ یہ سرمایہ کاری کے تجزیہ کار، ماہر شماریات، اعداد وشمار کے تجزیہ کار، سافٹ ویئر ماہر، ڈیٹا سائنسدان، کاروباری تجزیہ کار، سوشل سائنسدان، وغیرہ تک محدود نہیں بلکہ اس کا استعمال وسیع پیمانے پر ہوتاہے۔ ریسرچ آرگنائزیشن کو ڈیٹا سائنسدان کی ضرورت پڑتی ہے، اور ممکنہ سرکاری ملازمت بھی حاصل ہوسکتی ہے۔

پاکستان میںمیتھ میٹیکل سائنس کی تعلیم

ہر معروف یونیورسٹی میں شعبہ ریاضی موجود ہوتا ہے، جہاںڈگری ، ڈپلومہ اور سرٹیفیکٹ پروگرم آفر کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ آن، ایم ایس، ایم فل، پی ایچ ڈی، ڈی سی ایس وغیرہ کے پروگرام بھی پیش کیے جاتے ہیں۔ آنر ز میں داخلے کیلئے انٹر میڈیٹ سائنس یا آرٹس (اگر میتھ سرٹیفیکٹمنسلک ہے)جبکہ ماسٹرز کیلئے بی ایس سی یا بی اے (میتھ میںڈپلومہ) کی شرط ہوتی ہے۔

طلبا کا رحجان اور صلاحیتیں

ایک طالب علم میتھ میٹیکل سائنس کا انتخاب اسی لئے کرتا ہے کہ وہ ریاضی کےفارمولوں کو سمجھتااور سوالات حل کرنے میں لطف اندوز ہوتا ہے۔ اس کے لئے میتھس میں دلچسپی لینا ضروری نہیں ہے بلکہ کچھ درج ذیل رحجانات اہم ہیں، جس کی بنیاد پر کسی کا بھی میتھس اچھا ہوسکتا ہے۔

■ آپ کو تخلیقی سوچ، تجزیاتی رحجان اور تیزتردماغ لڑانے کی عادت اپنانے کی ضرورت ہے ، تاکہ آپ ریاضی کے مشکل سوالات کو مزے سے حل کرنےکے قابل ہوسکیں ۔

■ دراصل ریاضی تمام تر ٹولز کا ایک ٹول ہے، یعنی ایک کنجی ہے جس سے دوسرے علوم کے دروازے کھلتے ہیں۔ اسی لیے اس کا استعمال عام حالات سے لے کر پیچیدہ ایپلی کیشنز کیلئے بھی کرنا آنا چاہیے۔

■ ریاضی کی زبان کو استعمال کرتے ہوئے مسائل کو فارمولے کے ذریعے حل کرنے کی صلاحیت کو پروان چڑھانا چاہیے۔

■ انڈسٹریز، کاروباری، مالیاتی یا صحت عامہ کے اداروںمیںپیچیدہ معاملات کو حل کرنے کیلئے ہر قسم کی منطقی اور غیر منطقی تکنیک سے واقفیت اور اس میںمہارت حاصل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔

■ ملازمت کے دوران اگر کسی تربیتی پروگرام کا حصہ بننے کی پیشکش ہو تو اسے فوراً قبول کرلینا چاہیےتاکہ آپ اپنے کیریئرکو بہتر راہ پر گامزن کرنے کے قابل ہوسکیں۔

تحقیق کے موضوعات

آپ اپنی تعلیم کے حصول کے ساتھ ساتھ تحقیق کے مواقع بھی حاصل کرسکتے ہیں اور اسی حوالے سے کسی بھی ملکی یا بین الاقوامی ادارے میںاپنی خدمات پیش کرسکتےہیں۔ تحقیق کے لیے آپ کے پاس تھری ڈی ماڈلنگ، الجبرا، آسٹرو ڈائنامکس، بائیو میتھ میٹکس اور بائیو انفورمیٹکس، کلائمٹولوجی، پیڈا گووجیکل تیکنیکس ان میتھس، کنٹرولز اینڈسیمولیشن، فلوئیڈڈائنامکس، میتھ میٹیکل فزکس، آپریشن ریسرچ، کوانٹم میتھ میٹکس اور ریلیٹیویٹی اینڈ گریویٹیشن جیسے میدان کھلے ہیں، جن میں سے کسی ایک کا آپ اپنی پسند کے مطابق انتخاب کرسکتے ہیں۔