پاکستان مکمل باصلاحیت،دشمن نے پہل کی تو بچ کر نہیں جا سکے گا،تجزیہ کار

August 18, 2019

کراچی (جنگ نیوز) جیو نیوز کے پروگرام ”نیا پاکستان “ میں میزبان شہزاد اقبال کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل (ر) امجد شعیب نے کہا کہ اللہ کے فضل سے پاکستان کے پاس سیکنڈ اور تھرڈ اسٹرائیک کیپبلٹی ایسی ہیں کہ دشمن نے پہل کی تو بچ کر نہیں جا سکے گا ہمیں تیار رہنے کی ضرورت ہے کیونکہ بھارت کی سوچ رات کو کچھ دن کو کچھ ہوتی ہے،یہ توقع کہ مودی الیکشن جیت کر تعلقات بہتری کیلئے کام کرے گا ہماری خام خیالی تھی مودی آر ایس ایس کی پیداوار ہے بغل میں چھری اور منہ پر رام رام کی کہاوت مودی کے بارے میں ہی ہے یہ ہمیشہ جھوٹ بولتے ہیں جس پر ہم یقین کر لیتے ہیں۔سابق ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم نے کہا کہ کیا ہی اچھا ہوتا انسانی حقوق کے چیمپئن بننے والے ممالک کشمیر کی صورتحال پر بھی ایک قرار داد لاتے،مضبوط بیان دیتے تاہم یہ بات قابل توجہ ہے کہ جن ممالک پر انڈیا کی سپورٹ کا انحصار تھا ان کی واضح اصولی پوزیشن پاکستان اور کشمیریوں کی کامیابی ہے، کشمیریوں کو بھی مظالم کے آگے ڈٹے رہنا ہو گا تبھی کامیابی نصیب ہوگی پاکستان کو ہر نئے دن نیا قدم اٹھانا ہوگا،ہمارے پاس اقوام متحدہ میں دوبارہ جانے کا آپشن موجود ہے، آرٹیکل 370 ہمارے اور کشمیریوں کے لئے بھی ایک لحاظ سے اتنا متعلق نہیں ہے کشمیر کا اسٹیٹس ختم کرنا ہمارے لئے تشویش کی بات ہے۔وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی،رکن قومی اسمبلی عالمگیر خان نےکراچی میں صفائی مہم پر گفتگو میں حصہ لیا۔میزبان کے اس سوال کہ کیا صفائی مہم پر سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کی جارہی ہے ؟ اس صورتحال پر بات کرتے ہوئے فکس اٹ سربراہ رکن قومی اسمبلی عالمگیر خان کا کہنا تھا کہ کچرا تو ہم نے عارضی طور پر ایک جگہ جمع کرنا شروع کردیا ہے وہاں سے آگے تو سندھ حکومت نے لے کر جانا ہے ورنہ پھر اس صفائی مہم میں ساتھ دینے کا فائدہ کیا ؟مسئلہ کا حل ڈور ٹو ڈور کلیکشن ہے کہیں بھی مناسب کچرا کنڈیاں بنی ہوئی نہیں ہیں ڈسٹرکٹ ایسٹ میں کوئی ایسا پوائنٹ نہیں جہاں کچرا جمع کیا اور پھر لینڈ فل سائیٹ پر لے جایا جائے۔وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی نے کہا کہ علی زیدی نے خود کچرا لینڈ فل سائیٹ پر لے جانے کا دعویٰ اور وعدہ کیا تھا اب یہ لوگ کچرا نالوں سے نکال کر شہر میں مختلف جگہوں پر ڈال رہے ہیں جس کو اٹھانا بہت مشکل کام ہے روزانہ کی گاربیج کلیکشن کو ہی لینڈ فل سائیٹ تک پہنچانا ہمارے لئے مشکل ہوتا ہے اس پر مزید یہ کچرا پھینکیں گے تو پھر کیسے ہمارے لئے اٹھانا ممکن ہوگا ان کو پہلے طے کرنا چاہئے تھے کہ کچرا لے کر کہاں جائیں گے۔