اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کا پائیدار حل ممکن بنائے، امجد امین بوبی

August 18, 2019

وٹفورڈ (نمائندہ جنگ)اقوام متحدہ و یواین سیکورٹی کونسل مسئلہ کشمیر کے پائیدار حل کیلئے اپنی ذمہ داریاں ادا کرے۔ اقوام متحدہ اور یواین سیکورٹی کونسل کے پانچ مستقل ممبر امریکہ، برطانیہ، فرانس، چین، روس کی ذمہ داری ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کا پائیدار حل ممکن بنائیں۔ بھارتی اقدامات سے خطہ ایٹمی جنگ کے دھانے پر پہنچ چکا ہے جس سے خطے میں انسانیت ختم ہوجائیگی۔ان خیالات کا اظہار وٹفورڈ کمیونٹی فورم کے رہنمائوں چیئرمین امجد امین بوبی، سینئر نائب صدر چوہدری محمد افسر، نائب صدر شفقت اقبال تبسم و دیگر رہنمائوں نے کمیونٹی فورم کے اجلاس میںکیا۔ امجد امین بوبی نے کہا اقوام متحدہ اور عالمی برادری مسئلہ کشمیر کے پائیدار حل اور خطے میں قیام امن کیلئے پاکستان کی کاوشوں کا ساتھ دے۔ اس وقت پاکستان کو کشمیر کے اندرخصوصاً پاکستان کے اندر بھارت کی دہشت گردی کا شدید سامنا ہے۔ پاکستان عالمی برادری کے تعاون کے بغیر خطے میںامن قائم نہیںہوسکتا۔ سینئر نائب صدر چوہدری محمد افسر، نائب صدر شفقت اقبال تبسم نے مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت ختم کرنے اور مقبوضہ کشمیر میںبھارتی فوج کی ریاستی دہشت کی مذمت کی۔