کار سرکار میں مداخلت کرنیوالے ڈاکٹروں کیخلاف کارروائی کی جائیگی، محکمہ صحت

August 18, 2019

کوئٹہ(پ ر )محکمہ صحت حکومت بلوچستان کے ترجمان نے سول ہسپتال کوئٹہ میں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کی جانب سے ڈاکٹروں کو دھمکانے اورزبردستی کام سے روکنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ڈاکٹروں کے تحفظ کیلئے ہرممکن اقدامات کریگی کار سرکار میں مداخلت کرنے والے ینگ ڈاکٹروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ایک بیان میں ترجمان نے کہا کہ ہفتہ کو سول ہسپتال کوئٹہ میں ڈیوٹی کرنے والے ڈاکٹرز کے ساتھ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کی بدتمیزی اورڈاکٹروں کوزبردستی کام سے روکنے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ڈاکٹروں نے دھونس دھمکی کو مسترد کرتے ہوئے دور دراز علاقوں سے علاج معالجے کیلئے آنے والے مریضوں کو بہتر علاج کی سہولت فراہم کی جس پر وہ خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ اپنے ذاتی مفادات کے لئے سینئر ڈاکٹرز کو ڈیوٹی سے روکنا کسی بھی صورت قابل قبول نہیں ،ترجمان نے واضح کیا کہ اگر ینگ ڈاکٹرز نے آئندہ ہسپتالوں میں زبردستی کام بند کرانے کی کوشش کی تو قانون حرکت میں آئے گا۔