مقبوضہ کشمیر کی صورتحال، دفتر خارجہ میں ’’کشمیر سیل‘‘ کے قیام کا اعلان آج ہوگا

August 19, 2019

اسلام آباد (صالح ظافر) دفتر خارجہ میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور نئی پیشرفت سے نمٹنے میں مصروف ہے اور ’’کشمیر سیل‘‘ کے قیام کا اعلان پیر کو کیا جائے گا۔ یہ سیل دن رات خصوصی انتظامات کے تحت کام کرتا رہے گا۔ سفارتی ذرائع نے بتایا ہے کہ دفتر خارجہ کے ایک سینئر افسر کو کشمیر سیل کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے، امکان ہے کہ یہ عہدہ ڈائریکٹر کشمیر افیئرز شاہرس عاصم یا ڈائریکٹر سارک افیئرز ڈاکٹر نجم السحر کو دیا جائے گا۔ اس کا فیصلہ بھی آج کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکریٹری خارجہ سہیل محمود اور دیگر سینئر عہدیدار مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کے حوالے سے مشاورتی عمل میں مصروف رہے۔ ذرائع کے مطابق، پاکستان کی جانب سے بھارت پر سفارتی دبائو بڑھانے کے بعد بھارت کی انتہا پسند قیادت شدید دبائو میں ہے ۔