لوک گلوکارجگرجلال کی بازیابی کیلئے آپریشن،ڈی ایس پی شہید

August 21, 2019

شکارپور(نامہ نگار)معروف لوک گلوکار جگر جلال کی بازیابی کے لئے شروع کئے گئے پولیس آپریشن کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ڈی ایس پی خانپور راؤ شفیع اللہ شہیدجبکہ نجی گارڈ بابرشاہ شدید زخمی ہوگیا‘ فائرنگ کے تبادلے میں تین ڈاکوبھی ہلاک ہوگئے جبکہ آپریشن کو عارضی طورپر ملتوی کردیاگیاہے ۔ تفصیلات کے مطابق جگر جلال چانڈیواور ان کے چار ساتھیوں کی بازیابی کے لئے پولیس کی بھاری نفری کی جانب سےخانپور کے علاقےگڑھی تیغو کے کچے میں سخت آپریشن شروع کیا گیا‘ آپریشن کے دوران پولیس اور ڈاکوؤں میں مقابلہ ہوگیا‘فائرنگ کے تبادلے میں ڈی ایس پی خانپور راؤ شفیع اللہ اور ایک نجی گن میں بابر شاہ شدید زخمی ہوگئے‘زخمیوں کو خانپور اسپتال سے فوری طبی امداد دینے کے بعد انتہائی نازک حالت میں سول اسپتال شکارپور پہنچایا گیا،جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ڈی ایس پی خانپور جاں بحق ہوگئے۔جبکہ زخمی اہلکار کو تشویشناک حالت کے باعث سکھر اسپتال منتقل کردیا گیا۔اس سلسلے میں اے ایس پی شکارپورامجد فاروق بٹر نے میڈیا کو بتایا کہ محفلِ موسیقی کا جھانسہ دیکرکچھ لوگوں نے لوک فنکاروں کو گڑھی تیغو کے علاقے میں بلاکر انہیں اغوا کرلیا ۔ جن کی بازیابی کے لئے مسلسل پولیس آپریشن جاری رکھا گیا جس میں کل سات افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ دو ڈاکو مقابلے کے دوران زخمی ہوگئے۔پولیس افسرکی شہادت کی وجہ سے وقتی طور پر آپریشن ملتوی کردیا گیا ہے۔