ہم نے ہمیشہ پرامن تعلیمی ماحول کے لیے جدوجہد کی ہے ،حق نواز خٹک

August 21, 2019

کوئٹہ(آن لائن)پشتون ایس ایف کے مرکزی چیئر مین حق نواز خٹک نے کہا ہے کہ پشتون ایس ایف عوامی نیشنل پارٹی کا بازو ہے جس نے ہمیشہ عوامی نیشنل پارٹی کی شانہ بشانہ ہوکر پشتونوں کے حقوق کیلئے جدوجہد کی ہے پشتون ایس ایف نے ہمیشہ تعلیمی اداروں میں پرامن ماحول کیلئے جدوجہد کی ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے پشتون ایس ایف کے صوبائی صدر ملک انعام کاکڑ ،جنرل سیکرٹری ملک سنگین کاکڑ،ملک نور لوون ،شاہ محمد ،صدام بازئی اور محمد لونی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس سے قبل پشتون ایس ایف کے مرکزی چیئر مین حق نواز خٹک نے پی ایس ایف کے سابق مرکزی نائب صدر ملک قاسم مہترزئی شہید کے قبر پر حاضری دی اور چادر چڑھائی۔انہوںنے کہا کہ پشتون ا یس ایف نے ہمیشہ با چا خان اور ولی خان کے نقش قدم پر چل کر پشتون قوم میں تعلیم کا شعور بیدار کیا اور آئندہ بھی تعلیم کے حصول کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے ۔انہوں نے کہاکہ پشتون قوم دہشتگردی کا شکار رہی ہے، قوم کے نوجوان تعلیم حاصل کریں کیونکہ تعلیم حاصل کئے بغیر کوئی بھی معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا با چا خان نے انگریز کے زمانے میں پشتونوں کو تعلیم حاصل کرنے کی ترغیب دی مگر اس وقت کے حکمرانوں اور انگریز کے غلاموں نے با چا خان کے راستے میں رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش کی جس کی وجہ سے آج ہم تعلیم جیسے زیور سے محروم ہیں۔