پاکستان کرکٹ ٹیم آئندہ سال انگلینڈ جائیگی، دورے کا شیڈول جاری

August 22, 2019

کراچی (اسٹاف رپورٹر) قومی کرکٹ ٹیم آئندہ سال انگلینڈ کا دورہ کرے گی ، جس کے دوران قومی ٹیم تین ٹیسٹ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔ دورہ 30 جولائی سے دو ستمبر تک جاری رہے گا، سیریز میں شامل 3 ٹیسٹ میچز ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہیں۔ پہلا ٹیسٹ میچ 30 جولائی سے 3 اگست تک لارڈز میں کھیلا جائے گا، دوسرا ٹیسٹ میچ 7 سے 11 اگست تک اولڈ ٹریفورڈ میں ہوگا، تیسرا ٹیسٹ میچ 20 سے 24اگست تک ٹرینٹ برج کرکٹ گرائونڈ میں کھیلا جائے گا۔ پہلا ٹی ٹوئنٹی 29اگست کو لیڈز میں ہوگا، دوسرا ٹی ٹوئنٹی 31اگست کو کارڈف میں کھیلا جائے گا جب کہ تیسرا ٹی ٹوئنٹی میچ 2 ستمبر کو سائوتھ ہمپٹن میں کھیلا جائے گا۔ ڈائریکٹر انٹرنیشنل ذاکر خان کے مطابق سیریز سے قومی کھلاڑیوں کو ٹیسٹ فارمیٹ میں بہتری کا موقع ملے گا، سیریز سے آسٹریلیا میں شیڈول آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاریوں میں بھی مدد ملے گی۔ 4سالوں میں تیسری 2 طرفہ سیریز کا انعقاد پی سی بی اور ای سی بی کے درمیان دوستانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔ انگلینڈ کرکٹ ٹیم کو سال 2022میں پاکستان کا جوابی دورہ کرنا ہے۔ جوابی سیریز میں 3 ایک روزہ اور 3 ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے۔ پاکستان کی دورئہ انگلینڈ سے قبل سری لنکا، آسٹریلیا اور بنگلہ دیش کے خلاف سیریز بھی عالمی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہیں۔ خیال رہے کہ 2016 سے پاکستان کرکٹ ٹیم نے ہر برس انگلینڈ کا دورہ کیا ہے جس میں 2017 میں چیمپئنز ٹرافی کی فتح اور اگلے برس یعنی 2018 میں انگلینڈ سے ٹیسٹ سیریز 1-1 سے ڈرا کرنا ہی نمایاں کامیابی رہی ہے۔