ایک دو مہینے میں راولپنڈی کا موسم بدلنے والا ہے، آصف زرداری

August 23, 2019

اسلام آ با د (آ ئی این پی)آصف زرداری کے جیل میں ہونے والے طبی معائنے کے دوران وہاں موجود ایک سرکاری اہلکار نے بتایا کہ جیل میں آصف زرداری کو وہی کمرہ دیا گیا ہے جس میں سابق وزیراعظم پاکستان نواز شریف کو رکھا گیا تھا لیکن اس کمرے سے ائیرکنڈیشنر اتار لیا گیا ہے۔طبی معائنے کے دوران جب اس بات کا تذکرہ ہوا تو آصف زرداری نے بہت ذومعنی انداز میں کہا کہ انھیں ائیرکنڈشنر کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ ʼایک دو مہینے میں راولپنڈی کا موسم بدلنے والا ہے۔اڈیالہ جیل میں قید سابق پاکستانی صدر آصف علی زرداری کا بدھ کو جیل میں طبی معائنہ کرنے والی ڈاکٹروں کی ٹیم نے انھیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کرنے کی تجویز دی ہے۔پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز ہسپتال)کے سینیئر ڈاکٹروں پر مشتمل اس ٹیم نے وزارتِ داخلہ کی درخواست پر پیپلز پارٹی کے شریک سربراہ کا جیل میں ابتدائی طبی معائنہ کیا ہے۔ہسپتال ذرائع کے مطابق میڈیکل بورڈ کو بتایا گیا تھا جیل میں آصف زرداری کی طبیعت ناساز ہے جس کی وجہ سے ایک میڈیکل سپیشلسٹ، دل کے امراض کے ماہر، کمر درد کے ماہر اور بعض دیگر ماہرین پر مشتمل ٹیم نے آصف زرداری کا معائنہ کیا۔ہسپتال ذرائع کے مطابق ڈاکٹروں کی ٹیم نے بتایا ہے کہ سابق صدر کی کمر اور اعصاب کی تکلیف بہت شدت اختیار کر گئی ہے اور انھیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کر کے ان کی ایم آر آئی اور دیگر ٹیسٹ کروانے کی ضرورت ہے تاکہ ان کا علاج شروع کیا جا سکے۔ڈاکٹروں کے مطابق آصف زرداری کی کمر اور گردن کے پٹھوں میں شدید اکڑا ہے جو مزید پیچیدگیوں کا سبب بن سکتا ہے۔ اس کے علاوہ انھیں لاحق ذیابیطس کا مرض بھی پیچیدگیاں پیدا کر رہا ہے جس کی وجہ سے انھیں ہر وقت طبی نگرانی اور علاج کی ضرورت ہے جو صرف ہسپتال ہی میں فراہم کیا جا سکتا ہے۔