شبانہ اعجاز رول ماڈل اور اپنی ذات میں انجمن تھیں‘دردانہ صدیقی

August 24, 2019

کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی خواتین کی رہنمائوں نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی خواتین بلوچستان کی ناظمہ شبانہ اعجازکی دینی ،سیاسی ،سماجی تنظیمی و عوامی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی ۔ان خیالات کا اظہارجماعت اسلامی خواتین کی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی اور نائب ناظمہ و سابق رکن اسمبلی ثمینہ سعید نے جماعت اسلامی ضلع کوئٹہ کے زیر اہتمام کوئٹہ پریس کلب میں ناظمہ شبانہ اعجازکی دینی، تنظیمی اور فلاحی خدمات کے حوالے سے منعقد ہونے والے تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ریفرنس میں کثیر تعدادمیں خواتین، طالبات سمیت دیگر نے شرکت کی ۔تعزیتی ریفرنس سے شگفتہ بی بی ،صائمہ بی بی ،شازیہ عبداللہ اور روبینہ علی بلوچ نے بھی خطاب کیا۔دردانہ صدیقی اور ثمینہ سعیدنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شبانہ اعجاز نے اپنی زندگی نہ صرف اپنے گھر بلکہ بلوچستان میں اسلامی فلاحی معاشرے کے قیام کے لیے وقف کر رکھی تھی ۔انہوں نے کوئٹہ سمیت بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں تحریک کے کام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور بلوچستان کی خواتین کی ترقی ، تعلیم و تربیت اور خدمت کیلئے گرانقدر خدمات انجام دیں ۔ انہوں نے بھرپور تحریکی جدوجہد،باحیاء بامقصد کامیاب زندگی سے ثابت کیا کہ وہ بلوچستان کی تحریکی خواتین کیلئے ایک رول ماڈل ہیں۔ انہوں نے مختلف عہدوں پر ر ہ کرجماعت اسلامی کی دعوت کیساتھ فلاحی اورتعلیمی کام بھر پور اندازمیں کیا ۔وہ ایک سچی مخلص خاتون اوراپنی ذات میں انجمن تھیں۔ بلوچستان میں خواتین جماعت اسلامی کا ساتھ دیکر حقوق کا حصول اسلامی طریقے سے حاصل کرسکتی ہیں ۔ مرحومہ جماعت اسلامی کاقیمتی اثاثہ تھیں ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی خواتین کیلئے بہت سی مشکلات ہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ ملک میں خواتین کو ان کا جائز حق دیا جائے۔خواتین کیلئے جماعت اسلامی نرسری وتربیتی سینٹر کی حیثیت رکھتی ہے۔ خواتین جماعت اسلامی کا ساتھ دیں تاکہ ملک میں ظلم وجبر اورلاقانونیت اور خواتین کے خلاف زیادتیوں ومظالم کا خاتمہ کیا جاسکےجماعت اسلامی نے خواتین کے حقوق کیلئےہر فورم پر بھر پور جدوجہد کی ہے۔اس موقع پر شبانہ اعجاز کی مغفرت ،درجات کی بلندی اور خاندان کے لئے صبر کی دعا اور فاتحہ خوانی بھی کی گئی ۔