ترک صدر رجب طیب ایردوآن آئندہ ہفتے روس کا دورہ کریں گے

August 25, 2019

انقرہ ( نیوز ڈیسک)ترک صدر رجب طیب ایردوآن آئندہ ہفتے روس جائیں گے۔ بتایا گیا ہے کہ وہ 27 اگست کو روسی صدر ولادیمیر پوٹن سے ملاقات کریں گے۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان گزشتہ روز ٹیلی فون پر بات چیت بھی ہوئی تھی۔ کہا جا رہا ہے کہ اس دورے کا مقصد شام کے شمالی حصوں میں جاری لڑائی کو روکنے کی کوشش ہو گا۔ ترک میڈیا پر سامنے آنے والی رپورٹوں کے مطابق ولادیمیر پوٹن کے ساتھ ٹیلی فونک گفت گو میں ایردوآن کا کہنا تھا کہ بشارالاسد کی حامی فورسز کی کارروائیوں کی وجہ سے شمالی شام میں انسانی بحران پیدا ہو رہا ہے، جب کہ اس سے ترکی کی قومی سلامتی بھی خطرات کا شکار ہے۔