کشمیری عوام پر بھارتی مظالم کیخلاف کراچی میں مظاہرے

August 25, 2019

Your browser doesnt support HTML5 video.

کشمیری عوام پر بھارتی مظالم کیخلاف کراچی میں مظاہرے

بھارتی جارحیت و کشمیری عوام پر بھارتی مظالم کے خلاف اور مظلوم کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے کراچی میں مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں اور سماجی تنظیموں کی جانب سے احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔

مظاہروں سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے اقوامِ متحدہ سمیت عالمی برادری سے بھارتی مظالم کے خلاف آواز بلند کرنے کی اپیل کی۔

کراچی پریس کلب کے باہر اتوار کو بھی بھارتی جارحیت کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے جاتے رہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر، جمعیت علمائے اسلام، جمعیت علمائے پاکستان، انجمن محبانِ اہلسنت، جموں کشمیر مسلم راجپوت ایسوسی ایشن، عافیہ موومنٹ پاکستان اور مسیحی برادری کی جانب سے احتجاج کیا گیا۔

مظاہرین نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے اور بھارتی جارحیت کے خلاف مسلسل نعرے لگاتے رہے۔

مظاہرین سے خطاب میں پیپلز پارٹی کے رہنماء راشد ربانی، وقار مہدی اور دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ بھارت نے کشمیر میں ظلم کا بازار گرم کر رکھا ہےاور کشمیریوں کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج دنیا بھر میں کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی اور بھارتی حکومت کے مظالم کے خلاف احتجاج کیا جا رہا ہے۔

کراچی پریس کلب کے باہر سندھ پیپلز یوتھ آرگنائزیشن نے بھی بھارتی مظالم کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔

کراچی کے علاقے خداداد کالونی میں مہاجر قومی موومنٹ کی جانب سے کشمیریوں پر بھارتی مظالم کے خلاف اور کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے کیمپ لگایا گیا۔

اس موقع پر شرکائے کیمپ نےبھارت کے وزیرِ اعظم نریندر مودی کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔