چاقو کے وار سے60سالہ شخص ہلاک، ملزم گرفتار

August 26, 2019

لندن (پی اے) مغربی لندن کے علاقے سائوتھ آل میں ایک شخص کو چاقو کے وار کرکے قتل کردیا گیا۔ مقتول کی عمر60سال کے قریب تھی۔ ایمرجنسی سروسز کے جائے وقوع پر پہنچنے سے قبل متاثر شخص دم توڑ چکا تھا۔ میٹ پولیس نے ایک تیس سالہ ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا ہے۔ ملزم کو پولیس کی نگرانی میں اسپتال داخل کردیا گیا ہے۔ متاثر شخص کو ابتدائی طبی امداد دینے والے عینی شاہد نے بتایا کہ مقتول جب مے کدہ (عوامی جگہ) سے باہر نکلا تو اس پر کسی نے چاقو سے حملہ کردیا۔ مقتول کے گھر کے قریب رہنے والے عینی شاہد راج گروور نے بتایا کہ متاثر شخص نے شدید زخمی حالت میں ہمارا دروازہ کھٹکھٹایا، میں نے باہر نکل کر دیکھا تو اس کے جسم سے کافی خون بہہ رہا تھا۔ ہم نے تولیے سے اس کا خون روکنے کی کوشش کی اور ایمبولینس بلائی۔ مقتول کے پیٹ اور سائیڈ پر چاقو سے وار کیے گئے۔