منڈی مویشیاں شیر شاہ منتقلی کا اعلان ہوتے ہی بھتہ مافیا متحرک

August 26, 2019

ملتان (سٹاف رپورٹر) جنوبی پنجاب کی سب سے بڑی منڈی مویشیاں منتقلی کا اعلان ہوتے ہی شیر شاہ پر غیر قانونی منڈی لگانےکیلئےبھتہ مافیا متحرک ہو گیا ، منڈی مویشیاں بلیل میں شیر شاہ منڈی لگانے کیلئے اشتہار تقسیم کئے گئے جس کا نوٹس لیتے ہوئے ایم ڈی کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ کمپنی نے مذکورہ بھتہ مافیا کے خلاف کارروائی کرنے کیلئے جی ایم آپریشن کو احکامات جاری کردیئے اور ڈی سی ملتان کو ملتان میں دفعہ 144لگانے کی درخواست کی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ کمشنر ملتان افتخار علی سہو نے موضع بلیل پر قائم منڈی مویشیاں کو جسونت گڑھ میں 31اگست تک منتقل کرنےکے احکامات جاری کئے تھے اور اس ضمن میں کمپنی انتظامیہ کی جانب سے موضع بلیل منڈی مویشیاں میں سپیکرز کے منڈی جسونت گڑھ میں منتقلی کےاعلانات کئے جاتے رہے جس پر غیر قانونی شیر شاہ منڈی مویشیاں لگانے والے ٹھیکہ دار متحرک ہو گئے اور آڑھتیوں کو راغب کرنے کیلئے اشتہارات تقسیم کئے ۔ ایم ڈی کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ کمپنی ڈاکٹر حماد نے جی ایم آپریشن کو تھانہ میں مذکورہ آڑھتیوں کےخلاف ایف آئی آر درج کرانے کے احکامات جاری کردیئے ہیں ۔