’تھیٹر، تبدیلی کی نئی سوچ اور زاویے سے روشناس کراتا ہے‘

August 30, 2019

پاکستانی اداکارہ ثانیہ سعید کا کہنا ہے کہ تھیٹر ، مثبت اقدار اور تبدیلی کی نئی سوچ اور زاویے سے روشناس کراتا ہے۔

میڈیا بیٹھک کے زیر اہتمام معاشرے میں مثبت اقدار اور تبدیلی کی نئی سوچ اُجاگر کرنے میں تھیٹر کے کردار پر سیمینار کا انعقاد ہوا، جس میں فلم ، ٹی وی اور تھیٹر سے جڑی شخصیات نے خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر اداکارہ ثانیہ سعید کا کہنا تھا کہ تھیٹر ایک طاقت ور میڈیم ہے، جس کے ذریعے معاشرے میں نمایاں تبدیلی لائی جاتی ہے اور تھیٹرسوچ کے نئے زاوئے متعارف کراتا ہے۔

انہوں نے اس بات کا اعتراف کیا کہ تھیٹر فنکاروں کے ذریعے معاشرے میں ہم آہنگی، نظم و ضبط اور روادری کا پیغام پہنچانے میں اپنا کردار ادا کررہا ہے۔

پاکستانی فلم ’سپراسٹار‘ کے ڈائریکٹر احتشام الدین کا کہنا تھا کہ تھیٹر نے بہت سے ثقافتی اور معاشرتی تنازعات کو حل کرنے کا مشاہدہ دیا۔ کیوں کہ پرفارمنس کے بعد فنکار سر جوڑ کر بیٹھتے ہیں اور خود سے سوال کرتے ہیں کہ تنازعات کودور کرنے میں انہوں نے کہاں تک اپنا کردار نبھایا۔

اداکار عبداللہ فرحت کے مطابق ایک اچھا فنکار وہ ہوتا ہےجو لوگوں کے ردعمل کی پروا کیے بغیر اصل سوچ کے ساتھ پرفارم کر کے معاشرے میں مثبت تبدیلی لائے۔

ساتھی فنکاروں پر زور دیتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ وہ تھیٹر کے میڈیم کو ضرور استعمال کریں اور پرسکون اور پرامن سوچ کو پروان چڑھائیں۔

شرکا ءکا مشترکہ موقف تھا کہ انتہا پسندی اور پرتشدد عوامل کی روک تھام کے لیے بامقصد تھیٹر کا انعقاد بے حد ضروری ہے۔