عابد علی جگر کے عارضے میں مبتلا، اسپتال میں داخل

September 01, 2019

Your browser doesnt support HTML5 video.

فلم و ڈرامہ انڈسٹری کے نامور اداکار عابد علی جگر کے عارضے میں مبتلا ہوگئے، مداحوں سے دعاؤں کی درخواست کردی۔

ٹیلی ویژن کی پہچان اداکار عابد علی ان دنوں شدید علیل ہیں، وہ جگر کے عارضے میں مبتلا ہیں اور انہیں کراچی کے لیاقت نیشنل اسپتال میں داخل کیا گیا ہے ، فیملی نےمداحوں سے دعاؤں کی درخواست کی ہے۔

گزشتہ روز عابد علی کے ساتھی فنکاروں نے اسپتال میں ان کی عیادت کی جس کے بعد ڈاکٹرز کی جانب سے کسی بھی قسم کی ملاقات پر پابندی لگا دی گئی۔

ٹیلی ویژن نگری میں شہرت کی بلندیوں کو چھونے والے صدارتی ایوارڈ یافتہ اداکار عابد علی 1952میں کوئٹہ میں پیدا ہوئے، ان کی تین بیٹیاں ہیں، جبکہ ایک بیٹی ایمان علی نے جیو کی فلم ’بول‘ سے شہرت حاصل کی۔

عابد علی نے دو شادیاںکر رکھی ہیں، ان کی پہلی بیگم حمیرا علی اور دوسری رابعہ نورین ہیں اور ان دونوں کا تعلق بھی شوبز سے ہے۔

عابد علی کو امجد اسلام امجد کے لکھے ہوئے ڈرامے ’وارث‘سے شہرت حاصل ہوئی، انہوں نے سینکڑوں ٹیلی ویژن ڈراموں اور درجنوں فلموں میں کام کیا۔

آجکل عابد علی کی نئی فلم ’ہیر مان جا‘ سنیما گھروں کی زینت بنی ہوئی ہے، جبکہ جیو ٹیلی ویژن سےان کے دو ڈرامہ سیریلز’میرا رب وارث‘ اور ’رمز عشق‘ ٹیلی کاسٹ کیے جارہے ہیں۔