جسٹس (ر) رانا شمیم شہید ذوالفقار علی بھٹو یونیورسٹی آف لاء کے وائس چانسلر مقرر

September 03, 2019

کراچی(اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ کی منظوری کے بعد محکمہ بورڈ و جامعات نے شہید ذوالفقار علی بھٹو یونیورسٹی آف لاء (زابل) کے وائس چانسلر کے عہدے کے لیے جسٹس (ر) ڈاکٹر رانا شمیم ایدووکیٹ کے نام کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے ان کی تقرری چار سال کے لیئے کی گئی ہے۔وہ بدھ تین ستمبر کو اپنے عہدے کا چارج لیں گے۔ تلاش کمیٹی نے زابل کے وائس چانسلر کے عہدے کے امیدواروں کے لیئے تین ناموں کا پینل وزیر اعلیٰ سندھ کو بھیجا تھا جن میں ڈاکٹر رانا شمیم ایدووکیٹ، سندھ ہائیکورٹ کے سابق جج حسن فیروز اور پروفیسر ڈاکٹررخسار احمد کے نام شامل تھے لیکن زابل کے وائس چانسلر کے عہدے کے لیئے ڈاکٹر رانا شمیم ایڈووکیٹ کی خصوصی سفارش کی گئی تھی ۔ تلاش کمیٹی نے زابل کے وائس چانسلر کے عہدے کے لیئے انٹرویوز (22)اگست کو طلب کیئے تھے 16 امیدواروں نے اس عہدے کے لیے درخواستیں دی تھیں۔ زابل یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی اسامی 23 اپریل سے خالی تھی وائس چانسلر قاضی خالد دوسری مدت کے لیے مستقل نہ کئے جانے کے باعث دلبرداشتہ ہوگئے تھے اور یہ عہدہ چھوڑ کر انہیں بطور چیئرمین فیڈرل سروس ٹریبول کی ذمہ داریاں سنبھال لی تھیں۔ جس کے بعد جسٹس(ر) ضیاء پرویز کو قائمقام وائس چانسلر مقررکردیاگیاتھا۔ ڈاکٹر رانا شمیم ایدووکیٹ راجھستان مین پیدا ہوئے تھے انھوں نے جامعہ کراچی سے پی ایچ ڈی کیا، وہ گلگت بلتستان کی سپریم اپلیٹ کورٹ کے چیف جج رہے، پاکستان بار کونسل کے منتخب رکن رہنے کے علاوہ وہ جامعہ اردو کے شعبہ اور کلیہ قانون کے چیئرمین اور ڈین بھی رہے۔