وزیرِ خارجہ کی زیرِ صدارت کشمیر سیل کا دوسرا اجلاس

September 08, 2019

Your browser doesnt support HTML5 video.

وزیرِ اعظم عمران خان کی ہدایت پر تشکیل دیے گئے کشمیر سیل کا دوسرا اجلاس وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کی زیرِ صدارت ہوا۔

اجلاس میں صدر آزاد کشمیر مسعود خان، وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم، سیکریٹری خارجہ، سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔

کشمیر سیل کا مقصد مقبوضہ کشمیر کی تشویش ناک صورتِ حال کے تناظر میں مشترکہ لائحہ عمل مرتب کرنا ہے۔

وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کشمیر سیل کے اجلاس کے شرکاء کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں 5 اگست سے پہلے سے جاری کرفیو اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں دنیا کے سامنے لانے کے لیے اب تک کی کوششوں سے آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ نہتے کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی معاونت جاری رکھیں گے۔

وزیرِ خارجہ نے شرکاء کو بتایا کہ وہ انسانی حقوق کونسل کے اجلاس میں شرکت کے لیے جنیوا روانہ ہو رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جنیوا میں دنیا بھر سے آئے ہوئے مندوبین کے سامنے نہتے کشمیریوں کا مقدمہ پیش کریں گے اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر عالمی ضمیر جھنجھوڑیں گے۔

اجلاس میں کشمیریوں پر بھارتی مظالم سامنے لانے میں عالمی میڈیا اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے کردار کو سراہا گیا اور مقبوضہ کشمیر کی تشویش ناک صورتِ حال کو مختلف فورمز پر اجاگر کرنے کے لیے روابط کو مزید فروغ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔