پاکستانی خاتون خلاباز نمرہ سلیم کی بھارت کو خلائی مشن پر مبارکباد

September 10, 2019

کراچی (جنگ نیوز) پاکستان کی پہلی خاتون خلا باز نمرہ سلیم نے چاند کی تسخیر کے لئے بھارتی چندریان۔2 مشن پر بھارتی خلائی سائنس کے ادارے انڈین اسپیس اینڈ ریسرچ آرگنائزیشن (آئی ایس او آر) کو تاریخی کوشش پر مبارکباد دی ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے مذکورہ کوشش کو جنوبی ایشیا کے لئے ایک بڑا قدم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا سے خلائی شعبے میں پیش رفت نہایت قابل ذکر ہے۔ چاہے کوئی بھی جنوبی ایشیا ملک اس میں بازی لے جائے۔ خلا میں تمام سیاسی سرحدیں تحلیل ہوجاتی ہیں۔ نمرہ سلیم اورجن گیلیکٹک نام سے خلائی جہاز میں خلا میں جانے والی پہلی پاکستانی خاتون خلا باز ہیں۔ اتوار کو آئی ایس آر او نے اعلان کیا کہ اس نے وکرم خلائی جہاز کو چاند کی سطح پر تلاش کرلیا ہے جو چاند کے مدار پرچکر لگارہا ہے۔