تاج حیدر کے گھر ایک ماہ میں تیسری چوری

September 11, 2019

پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما تاج حیدر کے گھر سے نامعلوم افراد مختلف اشیا چُرا کر فرار ہوگئے، ایک ماہ میں تیسری بار اُن کے گھر پر چوری کی واردات ہوئی ہے۔

پیپلز پارٹی کے رہنما تاج حیدر کے گزری میں واقع گھر کی بالائی منزل پر نامعلوم ملزمان اُن کی غیر موجودگی میں گھسے اور اشیا چُرا کر فرار ہوگئے۔

جیونیوز سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ میرے اور اہلیہ کے سرکاری پاسپورٹ اور شادی کا البم غائب ہے جبکہ باقی چیزوں کو میں نے چیک نہیں کیا، میں اہلیہ کے ہمراہ تھرپارکر گیا ہوا تھا، جب گھر واپس آیا تو واردات کا علم ہوا۔

تاج حیدر نے مزید بتایا کہ ایک ہی ماہ میں میرے گھر یہ تیسری واردات ہوئی ہے، اُن کی اہلیہ کا کہنا ہے کہ اس سے قبل میرے زیورات بھی غائب ہوچکے ہیں۔

پولیس نے واردات کا مقدمہ درج کرلیا ہے جبکہ آئی جی سندھ نے پولیس حکام سے واردات کی رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔