نظام شمسی میں دمدار ستارے ایک ہی وقت اور جگہ پیدا ہوئے تھے، ماہرین

September 12, 2019

کراچی (نیوز ڈیسک) ماہرین کا کہنا ہے کہ ہمارے شمسی نظام میں تمام دمدار ستاروں کا ماخذ ایک ہی ہو سکتا ہے، اور یہ صورتحال واضح کر سکتی ہے کہ زمین پر زندگی کا وجود کہاں سے آیا۔ امریکی اور یورپی سائنسدانوں کی ایک ٹیم نے اپنی ریسرچ میں بتایا ہے کہ 14؍ مختلف دمدار ستارے ایک ہی وقت اور ایک ہی مقام پر (پروٹو پلینٹری ڈسک میں) پیدا ہوئے تھے، یہ ڈسک ہمارے نئے بننے والے سورج کے گرد گھومتی تھی۔ فیوچر ازم میگزین میں شائع ہونے والی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اگر یہ سمجھا جائے کہ دمدار ستاروں کے زمین سے ٹکرانے کے بعد ہی نامیاتی مادہ زمین پر آیا، تو اس نظریے کے تحت ہمیں ایک نئے کائناتی مظہر کا پتہ چلتا ہے جو ہمیں زمین پر زندگی کی شروعات کے متعلق بہتر معلومات فراہم کر سکتا ہے۔