غیرقانونی احکامات نہ ماننے پر چیف الیکشن کمشنر کو ہٹایا جا رہا ہے، اپوزیشن

September 13, 2019

اسلام آباد (نمائندہ جنگ ) الیکشن کمیشن کو چیف الیکشن کمشنر جسٹس سردار رضا خان کے خلاف حکومت کی جانب سے مبینہ ریفرنس دائر کرنے سے متعلق کوئی نوٹس موصول نہیں ہوا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دو ارکان کی تقرری پر چیف الیکشن کمشنر نے آئینی اعتراضات اٹھائے تھے یہ معاملہ اب اسلام آباد ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہے۔

اپوزیشن ارکان احسن اقبال اور سینیٹر شیری رحمٰن نے الزام لگایا تھا کہ حکومت چیف الیکشن کمشنر کو ہٹانے کیلئے ان کے خلاف ریفرنس دائر کر رہی ہے۔

نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے کہا پہلے سندھ اور بلوچستان کے ای سی پی ارکان کی غیر قانونی تقرری کی گئی اور اب الیکشن کمیشن سردار رضا خان کو ہٹانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

حکومت اداروں کو تباہ کر رہی ہے اور اعلی عدلیہ نے بھی نیب کو سیاسی مقاصد کے لئے استعمال ہونے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

سیکرٹری جنرل پی پی نیر بخاری نے کہا کہ حکمرانوں کی اداروں کو تابع بنانے کی پالیسی ملک کے لئے انتہائی خطرناک ہے، غیر قانونی اقدام نہ ماننے پر چیف الیکشن کمشنر کو ہٹانے کی کوشش مطلق العنانیت ہے۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری اداروں کو قومی ادارے رہنے دیا جائے سرکاری جماعت کے دفاتر نہ سمجھا جائے۔