مر کزی جلوس کا راستہ کلئیر،سڑکوں سے کنٹینر ہٹائے جائیں،شبر رضا

September 16, 2019

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جعفریہ الائنس پاکستان کااجلاس بارگاہ حسینی پی ای سی ایچ سوسائٹی میں منعقد ہوا جس میں مرکزی تنظیم عزا داری ،مرکزی تنظیم عزا پاسبان عزا، مجلس وحدت مسلمین ،آئی ایس او کراچی ڈویژن ،شیعہ علما کونسل ،امامیہ آرگنائزیشن، تمام ماتمی انجمنوں، اسکاوٹس رابطہ کونسل انجمن امامیہ پاک محرم ایسوسی ایشن سمیت مختلف مذہبی رہنماؤں نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہو ئےجعفریہ الائنس پاکستان کے ایڈیشنل جنرل سیکرٹری شبر رضا نے کہا کہ صوبائی اور وفاقی حکومت چہلم امام حسینؑ سے پہلے مرکزی جلوس عزا کے راستے کو کلئیر کریں ، محرم الحرام سے پہلے انتظامیہ کی جانب سےیقین دہانی کرائی جاتی ہے کہ اس سال ہم آپ کو راستہ کلیئر کر کے دے دیں گے لیکن آخری وقت میں انتظامیہ اپنے وعدوں سے منحرف ہوجاتی ہے جس سے عزاداروں میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے دوسری جانب انتظامیہ نے سڑکوں پر کنٹینر لگا کر عوام کو شدید پریشانی میں مبتلا کر رکھا ہے جس کی ہم مذمت کرتے ہیں ہم انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ چہلم امام حسین ؑسے پہلے مرکزی جلوس کے راستوں کو کلیئر کریں تاکہ عزاداروں میں پائی جانے والی بے چینی ختم ہو سکے ہم امید کرتے ہیں کہ انتظامیہ ہم سے بھرپور تعاون کرے گی۔