پارلیمنٹ ڈائری:حکومتی اور اپوزیشن ارکان میں غیر حاضر رہنے کا مقابلہ

September 18, 2019

اسلام آباد(محمد صالح ظافر/ خصوصی تجزیہ نگار) قومی اسمبلی کا اجلاس آخری مرحلے میں داخل ہوگیا ہے اور آئندہ جمعہ کو غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی ہو جائیگا، حکومت اور حزب اختلاف کے درمیان محاذ آرائی تیزی سے قبائلی تصادم کی شکل اختیار کرتی جارہی ہے ۔ قائد ایوان وزیراعظم کی رونمائی اس پورے اجلاس میں نہیں ہوسکی تو قائد حزب اختلاف کو بھی کارروائی سے واجبی شغف رہا ہے اسی طرح وفاقی وزرا حزب اختلاف کے سرکردہ ارکان بھی اجلاس میں شرکت سے گریز اں ہیں یوں دکھائی دیتا ہے کہ دونوں میں غیر حاضر رہنے کا مقابلہ جاری ہے مقننہ کہلانے کے باوجود اس اجلاس میں قانون سازی کے ضمن میں ایک لفظ کا بھی کام نہیں ہو سکا۔ حکومت اور حزب اختلاف کے ارکان کی سر پھٹول میں کسی کو یارا نہیں کہ کوئی کام کی بات کر سکے۔ پاکستان مسلم لیگ نون کے ہومیوپیتھک مزاج کے پارلیمانی گروپ لیڈر خواجہ محمد آصف نے منگل کے روز جب ایوان میں ارکان کی نجی کارروائی کا دن تھا اور توقع تھی کہ عوامی بھلائی کیلئے قانون سازی میں حکومتی ناکامی کے باعث غیر سرکاری ارکان کوئی مسودات لے آئیں گے تاہم ایسا نہیں ہو سکا اور تمام تجاویز و تحاریک ایجنڈے کی زینت ہی بنی رہیں اور انہیں ایوان کا منہ دیکھنا نصیب نہیں ہوسکا۔