پاک بحریہ کے تعلیمی اداروں کے ہونہار طلباء میں انعامات کی تقسیم

September 18, 2019

چیف آف دی نیول اسٹاف بحریہ ماڈل کالج کی ملیحہ کو ایوارڈ دیتے ہوئے

پاک بحریہ کے تعلیمی اداروں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء کے اعزاز میں بدھ کو پاک بحریہ کی جانب سے تقریبِ تقسیم انعامات کا انعقاد کراچی میں کیا گیا۔

چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے نصابی اور ہم نصابی سرگرمیوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء کو میڈلز اور نقد انعامات سے نوازا۔

تقریبِ انعامات قومی اور بین الاقوامی سطح پر تعلیمی سرگرمیوں اور کھیلوں میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو انعامات دینے اور ان کی صلاحیتوں کے اعتراف میں منعقدکی گئی تھی۔

چیف آف دی نیول اسٹاف بحریہ ماڈل کالج کی حنا خادم کو ایوارڈ دیتے ہوئے

چیف آف دی نیول اسٹاف نے طلباءکی کارکردگی اور محنت کی تعریف کی اور پاک بحریہ کے تعلیمی اداروں کے معیار کو سراہتے ہوئے اس امر پر خوشی کا اظہار کیا کہ بحریہ کے تعلیمی ادارے نہ صرف طلباء کی صلاحیتوں و مہارتوں کو اجاگر کرتے ہیں بلکہ انہیں اس قابل بھی بناتے ہیں کہ وہ نہ صرف اپنے تعلیمی ادارے بلکہ ملک کے لیے اعزاز حاصل کرسکیں۔

انعامات حاصل کرنے والوں میں اسپیشل چلڈرن اسکول کارساز کی شمائلہ رباب نے ابوظبی میں 200 میٹر دوڑ میں سونے کا تمغہ، ریلے دوڑ میں چاندی کا تمغہ اور خصوصی اولمپکس عالمی کھیلوں میں گولہ پھینکنے کے مقابلے میں کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔

تقریب کے شرکاء کا گروپ فوٹو

اسپیشل چلڈرن اسکول کارساز سے شرمین افضل نے بھی500 میٹر سائیکلنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کی اور 1000 میٹر دوڑ میں کانسی کا تمغہ جیتا اور اسی ایونٹ میں رف ٹریک پر 2000 میٹر دوڑ میں چوتھی پوزیشن حاصل کی۔

ملیحہ انیس نے کیمبرج امتحانات میں بزنس کے مضمون میں ٹاپ ان دی ورلڈ جبکہ کامرس کے مضمون میں ٹاپ ان دی ریجن کا اعزاز حاصل کیا۔

کراچی میں ایچ ایس ایس سی پری انجینئرنگ امتحانات میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر بحریہ ماڈل کالج مجید ایس آر ای کی حنا خادم نے بھی چیف آف دی نیول اسٹاف سے تمغہ اور نقد انعام حاصل کیا۔

طلباء کے والدین، اساتذہ اور پاک بحریہ کے تعلیمی اداروں کا عملہ بھی تقریب میں شریک تھا۔