ٹرمپ کے استقبالیہ میں عمران خان و مودی کی موجودگی کا امکان

September 21, 2019

اقوام متحدہ (عظیم ایم میاں) وزیراعظم عمران خان اپنے 6 روزہ قیام نیویارک کے دوران اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اہم خطاب کے علاوہ سائیڈ لائنز پر امریکی صدر ٹرمپ سمیت تقریباً 20غیرملکی رہنمائوں سے دو طرفہ تعلقات کے حوالے سے ملاقات کریں گے اور ماحولیاتی کانفرنس سمیت مزید3 عالمی اجتماعات میں تقاریر بھی کریں گے۔

اب تک ملنے والی تفصیلات کے مطابق عمران خان سعودی حکومت کے خصوصی طیارے کے ذریعے آج 21ستمبر کی صبح نیویارک پہنچیں گے۔

اس 6 روزہ دورہ اقوام متحدہ کے دوران وزیر خزانہ، وزیر تجارت، وزیر خارجہ اور وزیراعظم کے خصوصی مشیر نعیم الحق، زلفی بخاری اور ڈاکٹر ثانیہ نشتر ان کے ہمراہ ہوں گے۔

امریکی میڈیا میں نیویارک ٹائمز اور وال اسٹریٹ جنرل کے ایڈیٹوریل بورڈز کے ساتھ ملاقاتوں اور سی این این اور فوکس نیوز سے خصوصی انٹرویوز کا پروگرام طے پاچکا ہے۔

وزیراعظم عمران خان اپنی تقریر سے قبل ہی اقوام متحدہ میں موجود عالمی میڈیا کیلئے ایکسپریس کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے جس میں وہ کشمیر کی صورتحال اور بھارتی اقدام کے بارے میں آگاہی کے علاوہ اپنی حکومت کے مشن، موقف اور منصوبوں کے بارے میں گفتگو کریں گے۔

امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں شرکت کرنے والے غیر ملکی وفود کے سربراہان کے اعزاز میں روایتی سالانہ استقبالیہ میں وزیراعظم عمران خان بھی شرکت کریں گے جبکہ اس امریکی استقبالیہ میں بھارتی وفد کے سربراہ نریندر مودی کی شرکت بھی متوقع ہے۔