صدر پاکستان کا جاپانی شہنشاہ کی تقریب حلف برداری میں شرکت کا فیصلہ

October 02, 2019

صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی 20 اکتوبر کو جاپانی شہنشاہ کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے جاپان پہنچیں گے۔

اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سفیر پاکستان امتیاز احمد نے کہا کہ جاپان پاکستان کا انتہائی قریبی دوست ملک ہے اور پاکستان کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ لہذا صدر پاکستان نے جاپانی شہنشاہ کی تقریب حلف برداری میں خصوصی طور پر شرکت کا فیصلہ کیا ہے جبکہ ان کی آمد پر ان کے شایان شان تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا۔

سفیر پاکستان امتیاز احمد نے کہا کہ پاکستان میں حکومت اور فوج کی امن و امان کو بہتر بنانے کی کوششیں رنگ لانے لگیں اقوام متحدہ اور ایشین ڈیولپمنٹ بینک نےاسلام آباد کو فیملی ڈیسٹینیشن قرار دے دیا ہے۔

گزشتہ روز سفارتخانہ میں میڈیا کے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں خطاب کرتے ہوئے پاکستانی سفیر امتیاز احمد نے کہا کہ جاپان سمیت دنیا بھر سے سیاحوں کی پاکستان آمد میں زبردست اضافہ دیکھا جارہا ہے، گزشتہ سال 2008 کے بعد پہلی مرتبہ جاپان سے پاکستان آنے والے سیاحوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا ہے۔

اس حوالے سے پاکستانی سفیر امیتاز احمد نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 2018 میں چھ ہزار سے زائد جاپانی سیاحوں نے پاکستان کا سفر کیا جو ایک ریکارڈ ہے جبکہ اس سال پاکستان جانے والے سیاحوں کی تعداد میں مزید اضافہ متوقع ہے جو ہماری حکومت اور فوج کی قربانیوں کا نتیجہ ہے۔

سفیر پاکستان امتیاز احمد نے کہا کہ ان کی جاپانی وزارت خارجہ کے حکام سے بات چیت جاری ہے تاکہ پاکستان پر سے ٹریول ایڈوائزری کے لیول میں مزید کمی کی جاسکے تاکہ مزید جاپانی سیاح پاکستان جاسکیں۔