بھارتی معاشی بحران پر مسلمانوں کا قتل عام ہوگا، مرکنڈے کاٹجو

October 07, 2019

بھارتی سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس مرکنڈے کاٹجو کا کہنا ہے کہ بھارتی معاشی بحران پر ہندوستانی مسلمانوں کو چن چن کر نشانہ بنایا جا ئے گا۔

بھارتی سابق جج جسٹس مرکنڈے کاٹجو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے پیش گوئی کی ہے کہ ہندوستانی مسلمانوں کو جرمنی میں یہودیوں کی طرح چن چن کر نشانہ بنایا جائے گا، بی جے پی اپنی ناکامیوں اور خرابیوں سے پیدا ہونے والی معاشی بحران سے نمٹنے کے لیے یہ حربے اختیار کرے گی۔

مرکنڈے کاٹجو کا کہنا ہے کہ ملک کی معاشی حالت بد سے بدتر ہوتی جارہی ہے اور اس کا غصہ مسلمانوں پر نکالا جائے گا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق جسٹس مرکنڈے کاٹجو کا اپنے ایک مضمون میں یہ بھی کہنا ہے کہ مغربی بنگال میں بی جے پی کے پراپیگنڈے کی وجہ سے بنگالی ہندو بھی فرقہ پرست سوچ کا شکار ہوگئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی کی مسلم خوشنودی پالیسی سے بھی ماحول بگڑ رہا ہے، شہریت کی تصدیق سے متعلق بی جے پی کے نئے شوشے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں رہنے والے 92 تا 94 فیصد افراد ہندوستان کے اصل باشندے نہیں ہیں بلکہ یہ تمام مہاجر ہیں۔