انتخابی عمل محض سلیکشن بن کررہ گیا ،صادق عمرانی

October 10, 2019

کوئٹہ(پ ر)پاکستان پیپلزپارٹی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن صادق عمرانی نے کہا ہے کہ تنقید برائے تنقید کی سیاسی بیساکھیوں کے سہارے اپنا بھرم قائم رکھنے کی ناکام کوشش خودانہیں اپنے منطقی انجام کی جانب دھکیل رہی ہے تبدیلی کا سحراپنی رنگ بازیوں کی وجہ سے اپنا اثر کھو رہا ہے تبدیلی کا سونامی پلٹ کر تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں کے لئے سوہان روح بن چکا ہے نوشتہ دیوار پڑھ لینے کے بعد حواس باختہ حکومتی ارکان میڈیا اور قوم کے سامنے بخلیںجھانکتے اور اپنی طوفان بدتمیزی سے ا پنی نااہلی و ناتجربہ کاری پر پردہ ڈالنے کی آخری کوششوں میں مصروف نظر آتے ہیں اور ان میں زیادہ وہ لوگ شامل ہیں جو سیاسی یتیمی سے دو چار ہیں اور محض اپنی سیاسی دکان چمکانے کے لئے بہتان بازی کا سہارا لئے ہوئے ہیں انہوں نے کہا کہ حقیقی سیاسی کارکن کا سیاسی قبلہ ایک ہوتا ہے اپنے مفادات کے تحفظ کی خاطر سیاسی وابستگیاں تبدیل کرنے والوں نے ہی سیاست کو آلودہ کر رکھا ہے ایسے سیاسی بونوں کو محض نمبر پورا کرنے اور حکومت بنانے کے لئے پارٹیوں میں شامل کیا جاتا ہے اور وہ اسی سیاسی بلیک میلنگ کو اپنا موثر ہتھیار بنا کر اقتدار کے پجاریوں کی مجبوریوں سے فائدہ اٹھاتے چلے آئے ہیں صادق عمرانی نے کہا کہ کل تک جو ایک کونسلرکی سیٹ جیتنےکےلئے اہل نہ تھے آج وہ قوم پر اس طرح سے مسلط ہیں کہ جیسے یہ ان کا وراثتی حق ہے انہوں نےکہا کہ انتخابی عمل جو کبھی عوامی عدالت سمجھا جاتا ہے اب محض سلیکشن بن کر رہ گیا ہے نئے اور غیر حقیقی متعارف کردہ سیاسی کلچر نے ٹوٹی بکھرتی نظریاتی اکائیوں پر ایسی کاری ضرب لگا دی ہے جس نے ثابت کر دیاکہ اب مستقل طور پر انتخابی عمل آئی ایم ایف و دیگر عالمی مالیاتی ادارے کنٹرول کیا کریں گے جوجماعت ان سے لئے گئے قرضوں کی واپسی کو یقینی بنائے گی اسے حکومت دی جائے گی۔