کامیاب اور خوش و خرم زندگی گزارنے والے افراد کی خصوصیات

October 13, 2019

کامیابی کی تعریف کیا ہے؟ ایک مقصد کو حاصل کرلینا۔ ایک کوشش سے مطلوبہ نتائج حاصل کرنا۔ شہرت، دولت یا معاشرے میں ایک خاص مقام حاصل کرلینا۔ انسان ہمیشہ کچھ زیادہ پانے کی خواہش میں پہلے سے زیادہ محنت اور زیادہ دیر کام کرنے کا متمنی رہا ہے کیونکہ وہ سمجھتا ہے کہ یہی وہ راستہ ہے، جس کے ذریعے وہ اپنے لیے زیادہ کامیابی اور زیادہ خوشی حاصل کرسکتا ہے۔

تاہم، علم نفسیات اور سائنسی تحقیق ہمیں اس کے برعکس بتاتی ہے۔ مطالعہ سے ہمیں پتہ چلتا ہے کہ صرف پیسہ، طاقت اور شہرت ہی سب کچھ نہیں، ان کے ذریعے انسان اپنی کئی ضروریات کو تو پورا کرسکتا ہے لیکن انسان کو اس سے بڑھ کر اور بھی بہت کچھ چاہیے ہوتا ہے۔ یہ بات کسی حد تک درست ہے کہ انسان پیسے سے ضرورت کی ہر چیز خرید سکتا ہے لیکن ضروری نہیںکہ اسے ہر وہ چیز پیسوںسے مل جائے جس سے اسے خوشی محسو س ہوتی ہے۔

یہی وہ نکتہ ہے، جس کے باعث نئے دور میں انسانی کامیابی کو اس کی خوشی کے پیمانے میں ناپا جاتا ہے۔ تو آخر خوشی کیا ہے اور آپ میںایسی کیا خوبیاں ہونی چاہئیں جو آپ کے لیے کامیابی کی ضمانت بن سکتی ہیں؟ ماہرین کے مطابق، ویسے تو ہر شخص دوسرے سے مختلف ہوتا ہے، تاہم کامیاب اور خوش و خرم زندگی گزارنے والے افراد میں مندرجہ ذیل 7خصوصیات مشترک ہوتی ہیں۔

زندگی میں مقصد لے کر چلنا

کامیاب افراد زندگی میں ایک مثبت مقصد لے کر چلتے ہیں۔ وہ اس مقصد کو تلاش اور اسے بیان کرنے میں اپنا وقت صرف کرتے ہیں۔ انھیںمعلوم ہوتا ہے کہ وہ زندگی میں کہاں جانا چاہتے ہیں (صرف پیشہ ورانہ نہیں بلکہ زندگی کے ہر شعبے میں) اور وہ جانتے ہیں کہ یہ ان کے لیے اور ان سے جُڑے ہر شخص کے لیے بہتر ہے۔ ان کی ایک یہی خوبی ان کی کامیابیوں کو بامقصد بناتی ہے۔

منزل پر پہنچنے کا طریقہ کار

کامیاب لوگ پیسہ، طاقت اور شہرت حاصل کرنے کے طریقہ کار میں بالکل واضحہوتے ہیں۔ وہ اس منزل تک پہنچنے کے لیے اپنی سمت کا بالکل آغاز میں ہی واضح تعین اور اعلان کردیتے ہیں۔ وہ ذرائع اور وسائل کے حصول پر مطمئن نہیں ہوجاتے بلکہ اسے اپنی منزل کو حاصل کرنے کا ایک ذریعہ سمجھتے ہیں اور اسی میںخوش رہتے ہیں۔

نئی چیزیں سیکھنا

دنیا سے متعلق اپنے نکتہ نظر کو وسیع کرنے میں ہم خوشی محسوس کرتے ہیں اور کامیاب لوگ اس بات سے اچھی طرح باخبر ہوتے ہیں۔ زندگی، دنیا اور اس کے عجائبات سے متعلق اپنے علم میں اضافہ کرنا ’پرسنل ڈیویلپمنٹ‘ کے لیے انتہائی اہم ہوتا ہے۔

سان فرانسسکو اسٹیٹ یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ وہ لوگ جو مادی اشیا کے بجائے زندگی میں نئے تجربات پرپیسہ خرچ کرتے ہیں، وہ زیادہ خوش رہتے ہیں۔ اس کا مطلب یہ نہیں کہ آپ ایک ’بیک پیک‘ لے کر دنیا کی سیر پر نکل جائیں، آپ اپنے مزاج اور سوچ کے مطابق زندگی میں نئے تجربات کئی دیگر طریقوں سے بھی کرسکتے ہیں، بس اس کے لیے شرط یہ ہے کہ آپ کو اپنے ’آرام دہ دائرے‘ (کمفرٹ زون) سے نکل کر ’لائف لانگ لرننگ اپروچ‘ کو اختیار کرنا پڑے گا۔

ہم احساسی

کامیاب لوگ دوسروں کے لیے انتہائی ہم احساسی (Empathy)کے جذبے سے لبریز ہوتے ہیں۔ وہ اپنے لیے ایک ایسی دنیا تخلیق کرتے ہیں، جس میںوہ دوسروں کی مدد کرتے ہیں، ان کی صلاحیتوں کے معترف ہوتے ہیں اور ان کے ساتھ رہنا پسند کرتے ہیں۔

کامیاب افراد دوسروں کو سُنتے ہیں اور ان کا خیال رکھتے ہیں۔ انھیں پتہ ہوتا ہے کہ تنہا چل کر وہ کبھی بھی کامیابی کی راہ پر گامزن نہیں ہوسکتے۔ لیڈرشپ اور کامیابی کے لیے ہم احساسی کا جذبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہوتا ہے کیونکہ اس طرح آپ خود کو سامنے والی کی جگہ پر رکھ کر ان کے جذبات اور نکتہ نظر کو انہی کی نظر سے دیکھتے ہیں۔

دوسروں کی کامیابی میں خوشی

کامیاب لوگ اپنی کامیابیوں کا دوسروں کی کامیابیوں سے موازنہ ضرور کرتے ہیں لیکن وہ اسے مثبت، تعمیری اور تعریفی انداز میں لیتے ہیں۔ وہ دوسروں کی صلاحیتوں اور ہنر کی نشاندہی کرکے انھیں ’پرسنل ڈیویلپمنٹ‘ کے لیے سیکھنے کی سعی کرتے ہیں لیکن اس میں وہ رقابت یا حسد کا جذبہ نہیں رکھتے۔ کامیاب لوگوں کو پتہ ہوتا ہے کہ حسد یا رقابت کا جذبہ پروان چڑھا کر وہ اپنا ہی نقصان کریں گے، کامیاب لوگ صرف خود سے مقابلہ کرتے ہیں۔ وہ دوسروںکو رول ماڈل بناتے ہیں، حریف نہیں۔

لائف اسٹائل

کامیاب لوگ زندگی کو ’ورک-لائف بیلنس‘ کے معیار پر نہیں ناپتے۔ وہ اپنے ہر لمحے کو زندگی کے بہترین وقت کے طور پر گزارتے ہیں۔ وہ جانتے ہیں کہ انھیں زندگی ایک بار ملی ہے، اس لیے وہ اسے بھرپور انداز میں گزارنا پسند کرتے ہیں۔ وہ اپنا الگ ’لائف اسٹائل‘ ترتیب دیتے ہیں، جس میں وہ جو کچھ بھی کرتے ہیں، اس سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔ وہ انتہائی محنتی ضرور ہوتے ہیں لیکن اپنے کام کے ہی ہوکر نہیں رہ جاتے۔ وہ ایک ایسا لائف اسٹائل اپناتے ہیں، جس پر انھیں فخر محسوس ہو۔

خود کو چیلنج کرنا

کامیاب لوگ ہمیشہ خود کو چیلنج کرتے رہتے ہیں، دراصل وہ ’چیلنج میکر‘ ہوتے ہیں۔ چیلنج آپ کو دماغی طور پر مضبوط بناتا ہے، چیلنج کے ذریعے آپ اپنے خوف پر قابو پاتے ہیں، چیلنج آپ کی حدود کا تعین کرتا ہے، چیلنج آپ کی توجہ کو بہتر بناتا ہے، چیلنج آپ کے نکتہ نظر میں بلوغت پیدا کرتا ہے اور چیلنج ہی آپ میں اعتماد پیدا کرتا ہے۔

کامیاب لوگ چیلنجز میں مواقع دیکھتے ہیں۔وہ چیلنجز کے ذریعے اپنے لیے بلند نظر اہداف مقرر کرتے اور پھر انھیں حاصل کرتے ہیں۔ کامیاب لوگ چیلنجز کے ذریعے ہی پھلتے پھولتے ہیں۔