• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صوبہ جل رہا ہے اور گنڈاپور لاؤ لشکر کیساتھ پنجاب فتح کرنے نکلے ہوئے ہیں: حافظ حمداللّٰہ

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

جے یو آئی کے رہنما حافظ حمداللّٰہ نے وزیر خبیرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن کو فارم 47 کا بینفیشری کہنے والے بتائیں آپ کس کے این او سی پر وزیر اعلیٰ بنے۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ صوبہ جل رہا ہے اور علی امین گنڈاپور لاؤ لشکر کے ساتھ پنجاب فتح کرنے نکلے ہوئے ہیں، خیبرپختونخوا میں حکومت آپ کے بازو سے نہیں ڈنڈے کی زور سے بنی۔

حافظ حمداللّٰہ کا کہنا ہے کہ آج بھی آپ کی حکومت دولت اور طاقت کے بل بوتے پر کھڑی ہے، آپ کی اپنی پارٹی میں آپ کی حکومت کے خلاف آوازیں اٹھ رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 8 فروری کے انتخابات آپ کو ووٹ سے نہیں نوٹ سے جتوائے گئے۔

واضح رہے کہ وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ عوام نے مولانا فضل الرحمٰن کو مسترد کیا ہوا ہے، مولانا کے پی کے میں تبدیلی لانے کی بجائے اپنے اندر تبدیلی لے آئیں تو بہت اچھا ہو گا۔

پارٹی رہنماؤں سےخطاب اور میڈیا سے بات چیت کے دوران وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن خود جعلی مینڈیٹ پر ہیں اور یہ ہمارے لیے باتیں کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمٰن کے ایک ایم این اے اور 2 ایم پی اے میرٹ پر ہیں، باقی سب فارم 47 پر ہیں، مولانا نے لوگوں کو گمراہ کیا، اس لیے اپنے حلقے سے نہ جیت سکے۔

قومی خبریں سے مزید