فلوریڈا سے لاپتہ کتیا 12 سال بعد پٹسبرگ سے مل گئی

October 13, 2019

لندن (پی اے) فلوریڈا میں2007 میں ایک گھر سے لاپتہ ہونے والی کتیا ہزاروں میل دور پٹسبرگ سے مل گئی اور اسے دوبارہ مالک کے حوالے کر دیا گیا۔ اینیمل چیرٹی ریسکیو کے مطابق 14 سالہ ٹوائے فوکس ٹیریئر، جس کا نام ڈچز ہے، بھوکی اور کپکپاتی ہوئی ایک شیڈ سے ملی تھی۔ پراپرٹی اس کتیا کو ہیومن اینیمل ریسکیو سینٹر لے گیا، جہاں سٹاف نے اس کی مائیکرو چپ کا پتہ لگایا اور اس کے اونر کو، جو بوکاریٹن فلوریڈا امریکا میں ہیں، کا سراغ نکالا۔ اونر کیتھیرین سٹرانگ 12 سال بعد پالتو کتیا کے ملنے کی خبر پر انتہائی جذباتی انداز میں ڈرائیو کرتی ہوئی پٹسبرگ پہنچی۔ بوکاریٹن فلوریڈا اور پٹسبرگ کا فاصلہ 1130 میل ہے۔ کیتھرین کا کہنا ہے کہ مجھے جب اس کتیا کے ملنے کی کال آئی تو مجھے اپنے کانوں پر یقین نہیں آیا کہ اتنے برسوں کے بعد ڈچز مل گئی۔ اس کا کہنا ہے کہ ایک دن میرے بیٹے نے سکول سے آنے کے بعد دروازہ کھولا تو ڈچز نکل کر باہر چلی گئی تھی اور اس کے بعد تلاش کے باوجود دوبارہ نہیں ملی تھی۔ اسکا کہنا ہے کہ ہم انتہائی مصروف سٹریٹ میں رہتے تھے اور میرا خیال تھا کہ وہ کسی گاڑی سے ٹکرا گئی یا پھر کوئی اسے لے کر چلا گیا۔ میں نے کئی ہفتوں تک اس کی تلاش میں شلٹرز کے چکر لگائے۔ میں اس کی مائیکرو چپ کی سالانہ فیس ادا کرتی رہی اور رابطے کی معلومات اپ ڈیٹ کرتی رہی۔ یہ میرے لئے بچوں کی طرح ہے۔ میں نے امید نہیں چھوڑی۔ نیوز کانفرنس کے دوران وہ 12 سال بعد ملنے والی کتیا کو چومتی اور گلے لگاتی رہی اور اس کے کان میں کہا کہ تم کہاں چلی گئی تھی۔