بھارت، 60 ماہ میں 60 کروڑ افراد کیلئے 11 کروڑ ٹوائلٹ بنانے کا دعویٰ

October 13, 2019

نئی دہلی (نیوز ڈیسک)بھارت میں ملک کو صاف رکھنے کے لیے ایک پانچ سالہ وسیع پروگرام کے تحت 60کروڑ افراد کے لیے مجموعی طور پر 11کروڑ ٹوائلٹ بنائے گئے ہیں۔ یہ کام 60ماہ میں مکمل کرنے کا دعوی کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے دو اکتوبر کو اعلان کیا تھا کہ بھارت کے دیہی علاقوں میں کھلے آسمان کے نیچے ٹوائلٹ کے استعمال کا سلسلہ ختم ہو گیا ہے۔تاہم دنیا میں ٹوائلٹ بنانے کے سب سے بڑے پروگرام کے بارے میں جسے پانچ برس پہلے شروع کیا گیا تھا، ملے جلے نتائج کی جانب توجہ مبذول کرائی جا رہی ہے۔اس منصوبے کے لیے 20ارب ڈالر مختص کیے گئے تھے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ لاکھوں دیہات میں ٹوائلٹ مہیا کرنے میں بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے لیکن ملک میں ابھی تک ہر ایک کو ٹوائلٹ تک رسائی حاصل نہیں۔