18اکتوبر کو کراچی سے احتجاجی سفر کا آغاز کریں گے، بلاول

October 14, 2019

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے 18 اکتوبر کو کراچی سے حکومت کے خلاف احتجاج کے آغاز کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی اور ان کے سہولت کاروں کو گھر بھیجیں گے۔

لاڑکانہ میں تقریب سے خطاب کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم جانتےہیں کیسے دھاندلی اور کٹھ پتلی اتحادوں کا مقابلہ کرنا ہے، ہم پنجاب، خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر میں بھی عوام کی آواز لے کر جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عام آدمی اور غریب کو ریلیف دینے والی حکومت صرف پیپلزپارٹی بناسکتی ہے ، پی پی کے پاس عوام دوست معاشی پالیسی ہے ۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ سلیکٹڈ حکومتیں صوبوں کے وسائل اور عوام کے حقوق کو سلب کرلیتی ہیں، عوام کے معاشی حقوق کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے۔

چیئرمین پی پی کا کہنا تھا کہ لاڑکانہ کے ضمنی انتخاب میں پیپلزپارٹی کے ہاتھ باندھنے کی کوشش کی جارہی ہے ، ہم جانتےہیں کیسے دھاندلی اور کٹ پتلی اتحادوں کا مقابلہ کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی پولنگ ایجنٹ کو باہر پھینکنے نہیں دیں گے، گنتی ان کے سامنے ہوگی، لاڑکانہ سے پیغام جائے گا اور وفاق ہلے گا کہ پاکستان کی عوام حکومت کو گھر بھیجنے کو تیار ہیں۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے 1973 کے آئین اور 18ویں ترمیم کے لیے قربانیاں دیں، ہمارے جمہوری اور معاشی حقوق پر حملہ ہو رہا ہے، ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو قتل کیس میں آج تک انصاف نہیں ملا کیا ہماری عدلیہ انصاف کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے مہنگائی کا سونامی اور ٹیکسوں کا طوفان کھڑا کر دیا، عوام دشمن بجٹ سےعوام کا معاشی قتل ہورہا ہے لیکن حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لیے کوئی اقدام نہیں کر رہی۔