لندن: برٹش پاکستانی تاجر ذیشان کیلئے ایشیائی بزنس ایوارڈ

October 15, 2019

الندن (مرتضیٰ علی شاہ) ایشیائی سالانہ بزنس ایوارڈز برائے 2019میں گزشتہ روز برٹش پاکستانی تاجر اور سی پی آئی سی کے بانی رکن ذیشان شاہ کو بین الاقوامی انٹرپرینیور آف دی ایئر کے ایوارڈ سے نوازا گیا، ان کا انتخاب نامور اور معروف اور بڑے برطانوی پروفیشنلز اور پاکستانی بھارتی، چینی اور بنگلہ دیشی تاجروں میں ان کی نمایاں کامیابیوں کا اعتراف کرتے ہوئے ایشیائی بزنس ایوارڈ سے نوازا گیا۔ تقریب میں اعلیٰ ترین اعزاز برٹش پاکستانی تاجر اور سابق اپرنٹس سٹار ذیشان شاہ کو دیا گیا۔ اس موقع پر خطبہ استقبالیہ میں کہا گیا کہ کراچی میں پیدا ہونے والے ذیشان سیلف میڈ تاجر ہیں، جو جب 9 سال قبل برطانیہ آئے تو ان کی جیب تقریباً خالی تھی، اب ذیشان شاہ کئی ملین پونڈ مالیت کے کاروبار کے مالک ہیں اور کراچی، گوادر، اسلام آباد، دبئی، لندن اور نیویارک میں دفاتر ہیں او ر ان کے ملازمین کی تعداد 400 سے زیادہ ہے اور ان کے زیر تکمیل پروجیکٹس کی مالیت 500 ملین ڈالر سے زیادہ ہے۔ تقریب کے منتظمین نے بتایا کہ بین الاقوامی انٹرپرینیور آف دی ایئر کا خصوصی ایوارڈ دینے کا مقصد تجارتی دنیا کی حقیقی معنوں میں بھاری بھرکم شخصیت کی پذیرائی کرنا ہے، بہت کم تعداد میں خواتین اور مرد اس ایوارڈ کیلئے کوالیفائی کرنے میں کامیاب ہوسکے ہیں، اس سال جس شخصیت کا انتخاب کیا گیا، اس نے غیر معمولی چیلنجنگ عالمی تجارتی ماحول میں غیر معمولی کامیابی حاصل کی ہے جو کہ اپنے وطن کے علاوہ بیرون ملک بھی معروف ہے۔ ذیشان شاہ بین الاقوامی سطح پر معروف سی ای او اور ایسی شخصیت ہیں، ہم سب اس پلیٹ فارم سے ان کا بیحد احترام کرتے ہیں۔ ایوارڈ کے حصول پر ذیشان شاہ نے کہا کہ آج برطانوی اور ایشیائی بھاری بھرکم تجارتی شخصیات کے درمیان اس ایوارڈ کیلئے میرا انتخاب کیا جانا میرے لئے ایک بڑا اعزاز ہے۔ انھوں نے کہا کہ جب 9 سال قبل میں برطانیہ آیا تو میری جیب میں صرف 500 پونڈ تھے اور آج یہاں اس اعلیٰ ترین ایوارڈ کیلئے میرا کھڑا ہونا ناقابل یقین معلوم ہوتاہے۔ ایک برٹش پاکستانی کی حیثیت سے برطانوی معاشرے کے اعلیٰ ترین تجارتی حلقے میں پاکستان کی نمائندگی کرنا بھی میرے لئے ایک اعزاز ہے۔ انھوں نے کہا کہ اگر ہم اپنے دماغ کو مثبت طورپر بروئے کار لائیں تو پاکستانی پوری دنیامیں سب سے زیادہ ذہین ہیں۔ مجھے امید ہے کہ بین الاقوامی انٹرپرینیور آف دی ایئر کی حیثیت سے میرے انتخاب سے مزید پاکستانیوں کو اپنے اپنے شعبوں میں آگے بڑھنے اور یہ سمجھنے کی کوشش کرنے کی ترغیب ملے گی کہ پاکستان میں اور عالمی سطح پر ایک قوم کی حیثیت سے ہمارے اندر کتنی صلاحیتیں پوشیدہ ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ ان کا ادارہ گوادر میں بھاری سرمایہ کاری کر رہا ہے اور بین الاقوامی سطح پر یہ حقیقت تسلیم کی جاچکی ہے کہ زیادہ سے زیادہ سرمایہ کار گوادر میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کرنے پر غور کر رہے ہیں۔