مزید 567افرادڈینگی کا شکار ،تعداد 30ہزار سے تجاوز ،محکمہ صحت

October 15, 2019

اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور (خصوصی رپورٹ، خصوصی نمائندہ،اپنے رپورٹر سے،نمائندہ جنگ ) وزارت صحت کے مطابق ملک بھر میں ڈینگی کیسز کی کل تعداد 30 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے ، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 567 ڈینگی کیس رپورٹ ہوئے ہیں،وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں ڈینگی کے 8 ہزار 245 کیس سامنے آئے، پنجاب میں 6 ہزار 629، سندھ میں 5 ہزار 109، پختنوخواہ میں 5 ہزار 229، قبائلی اضلاع میں 463، بلوچستان میں 2 ہزار 776 اور آزاد کشمیر میں 13 سو 38 ڈینگی کیس رپورٹ ہوئے جبکہ ملک کے دیگر علاقوں سے 228 ڈینگی کیس سامنے آئے، رواں برس گلگت بلتستان سے کوئی ڈینگی کیس سامنے نہیں آیا، اب تک ملک میں ڈینگی سے 47 اموات ہو چکی ہیں،ادھر صوبہ پنجاب میں ڈینگی کے 131نئے مریضوں کے اضافے سے مختلف ہسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کی مجموعی تعداد 502ہوگئی ہے ،گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں راولپنڈی میں 115، لاہور میں 2، اٹک میں 3، ڈیرہ غازی خان اور چکوال میں ایک ایک، سرگودھا میں 4، گوجرانوالہ میں، لیہ ، مظفر گڑھ، ٹوبی ٹیک سنگھ اور شیخوپورہ میں ایک ایک نیا مریض رپورٹ ہوا، اس وقت پنجاب میں زیر علاج مریضوں میں سے8انتہائی نگہداشت میں ہیں ۔علاوہ ازیں سیکرٹر ی پرائمری و سیکنڈر ی ہیلتھ پنجاب محمد عثمان اور ڈپٹی کمشنر راولپنڈ ی سیف اللہ ڈوگر کی زیر صدارت انسداد ڈینگی ایوننگ اجلاس میں بتایا گیا کہ راولپنڈی کے سرکاری اور نجی ہسپتالوں میں ڈ ینگی کے کل734مر یض موجود ہیں جن میں سے534 ڈ ینگی کے کنفرم کیسسزہیں۔ گز شتہ چو بیس گھنٹوں کے دوران راولپنڈی کے سرکاری اور نجی ہسپتالوں میں کل 224مریض ر پو رٹ ہو ئے ، ڈینگی کے حوالے سے ایس او پی پیز پر عمل درآمد نہ کرنے پر 65افراد کو نوٹس،16کو سیل ،2افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے ان کو گرفتار کرلیاگیا،گزشتہ روز ہولی فیملی ہسپتال میں 289 مریض داخل تھے جن میں سے252 میں ڈینگی پازیٹو تھا ، گزشتہ 24 گھنٹوں میں86 مریضوں کو داخل اور 52 کو ڈسچارج کیا گیا،اسی طرح بےنظیر ہسپتال میں 283 مریض داخل تھے جن میں سے200مریضوں میں ڈینگی پازیٹو ہے، 68 نئے مریض داخل کیے گئےجبکہ 121 کو ڈسچارج کیا گیا، ڈسٹرکٹ ہسپتال میں 123 مریض داخل تھے جن میں91 میں ڈینگی پازیٹو ہے، 55 مریض داخل کیے گئےجن میں سے 26 میں ڈینگی پازٹیو تھا جبک 39 مریضوں کو صحتیابی کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا۔