ملک میں ہرلاحاصل تجربے میں ناکامی کی سزا عوام کو ملی‘عمرانی

October 15, 2019

کوئٹہ(پ ر)پاکستان پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن صادق عمرانی نے کہا ہے کہ ملک کی حقیقی سیاسی قوتوں میں نفاق پیدا کرکے اپنے مطلوبہ اہداف کو یقینی بنانے والے جلد اپنے انجام کو پہنچیں گے۔ آواز خلق کو دبائے رکھنا وقت کے فرعونوں کے بس کی بات نہیں، تاریخ گواہ ہے کہ تمام سازشوں کے بعد ان کے ہاتھ کچھ نہیں آیا اور وہ وقت کی بے رحم چال کے ہاتھوں خود قصہ پارینہ بن گئے۔ آمرانہ طرز حکمرانی میں اگر ناقابل تلافی نقصان ہوا تو وہ صرف قوم کا ہوا۔ جسے ہر لاحاصل تجربے میں ناکامی کے بعد ناکردہ گناہوں کی سزا بھگتنی پڑی۔ عوام آج بھی وہیں کھڑے ہیں جہاں سے اس نے اس سفر کا آغاز کیا تھا۔ اسی طرزحکمرانی نے سیاست میں پیسے کا عنصر شامل کیا تاکہ عام آدمی جو اپنے جیسے افلاس زدہ لوگوں کے مسائل اور ان کے حل کا ادراک رکھتا ہے اسے سیاست سے دور رکھ کر اسے اشرافیہ کا مشغلہ بنا دیا جائے جو اپنی دولت اور مفادات کے تحفظ کے لئے کچھ بھی کر گزرنے کے لئے ہمہ وقت تیار رہتے ہیں۔ قوم کا درد رکھنے والوں کی نسبت ایسے سیاسی بونوں کو آسانی سے شکار بنایا جاسکتا ہے۔ صادق عمرانی نے کہا کہ معاشی و سیاسی بحرانوں میں گھری قوم کو آج ایک اور بھٹو کی ضرورت ہے جو مصلحتوں کا شکار ہونے کی بجائے اپنے سیاسی وژن پر قائم رہنے کی اہلیت رکھتا ہو۔ ملک کو تجربہ گاہ میں تبدیل کرنے ہی کی وجہ سے آج ہر جانب بے یقینی اور بدگمانیوں کا دور دورہ ہے۔ قوم شدید عدم تحفظ کا شکار ہے۔ آبادی کے بڑے حصے کو خطہ غربت سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور کردیا گیا ہے۔