صفائی سرکاری اداروں کی نہیں سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ‘ کامران بنگش

October 16, 2019

پشاور (خصوصی نامہ نگار) واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور (ڈبلیو ایس ایس پی) نے ہاتھ دھونے کے عالمی دن (گلوبل ہینڈ واشنگ ڈے) کے موقع پر تقاریب کا انعقاد کیا ۔تقاریب میں ہاتھ دھونے، صفائی ستھرائی اور صاف پختونخوا میرا خواب پختونخوا مہم سے متعلق آگاہی دی گئی ۔ ۔ واٹسن سیل کے اشتراک سے بے نظیر بھٹو خواتین یونیورسٹی میں منعقدہ تقریب کے موقع پر سیکرٹری بلدیات ظاہر شاہ مہمان خصوصی تھے۔ کامران خان بنگش نے مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں پشاور کا شمار آلودہ شہروں میں ہوتاتھا لیکن ڈبلیو ایس ایس پی اور صفائی کے دوسرے اداروں کی کوششوں سے شہر کی صفائی کافی حد تک بہتر ہوئی ہے جس کا اعتراف ملک کے دوسرے شہروں میں کیا جارہا ہے ، حکومت صوبے بھر میں صفائی کے جامع پروگرام پر عملدرآمد کر رہی ہے صفائی صرف سرکاری اداروں کی نہیں بلکہ سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بچے قوم کا مستقبل ہیں ان سے امیدیں وابستہ ہیں ان میں صفائی اور ستھرائی کی عادتیں ڈالنا ہوں گی ۔ انہوں نے کہا کہ ہاتھ دھونے سے متعلق شعور اجاگر کرنا وقت کا تقاضا ہے عموماً بچوں کی اموات کی وجہ گندے ہاتھوں سے خوراک سے پھیلنے والی بیماریاں ہیں ۔ رکن صوبائی اسمبلی انجینئر محمد فہیم خان نے کہا کہ اسلام نے صفائی کی اہمیت پر کافی زور دیا ہے صحت مند معاشرے کے قیام کے لئے اسلامی تعلیمات پر عمل کرنا ہوگا۔